ایم کیو ایم کے لاپتا کارکنان کی بازیابی ،سادہ لباس اہلکاروں کی جانب سے بلاجواز گرفتاریوں اور دوران حراست کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کیخلاف جمعے کے روزخیبر پختونخوا، بلوچستان ،آزاد کشمیر میں زبردست احتجاجی مظاہروں اورریلیوں کاانعقاد
کراچی میں ڈیتھ اسکواڈ کی جانب سے ایم کیو ایم کے بیگناہ کار کنان کو حراست میں لئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت
چیف جسٹس پاکستان، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنان کو زندہ سلامت بازیاب کرائیں،مظاہرین کا مطالبہ
پشاور ۔۔۔18اپریل 2014ء
ایم کیوایم کے لاپتا کارکنان کی بازیابی ،ڈبل کیبن گاڑیوں میں سوارسادہ لباس اہلکاروں کی جانب سے کارکنان کی غیرقانونی وغیرآئینی گرفتاریوں اور دوران حراست انہیں ماورائے عدالت قتل کے تیزی سے بڑھتے ہوئے واقعات کیخلاف متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام جمعے کے روز ملک بھرمیں ذمہ داران وکارکنان اورہمدردعوام کی جانب سے بھرپور احتجاج ریکارڈکرایاگیا۔اس سلسلے میں صوبہ خیبر پختونخوا میں پشاور، کوہاٹ ،ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ اور نصیر آباد میں مقامی پریس کلبوں کے سامنے پر ہجوم احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان،خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی کمیٹیوں کے ذمہ داران،ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کے انچارجزواراکین،عہدیداران،کارکنان اورحق پرست عوام سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادنے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔احتجاجی مظاہروں سے متعلقہ ڈسٹرکٹ انچارجز اور اور عہدیداران نے خطاب کیا اور کراچی میں سادہ لباس اہلکاروں اور غنڈہ عناصر پر مشتمل ڈیتھ اسکواڈ کی جانب سے ایم کیو ایم کے بیگناہ کار کنان کو حراست میں لئے جانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اورچیف جسٹس پاکستان، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور حکومت سے ایم کیو ایم کے بیگناہ کارکنان اور لاپتہ کارکنان کی زندہ سلامت بازیابی کے مطالبات کئے ۔احتجاجی مظاہروں میں عوام نے ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنان کی تصا ویر،پلے کارڈز اوربینرزاٹھارکھے تھے جن پر ’’نامنظورنامنظورتحفظ پاکستان آرڈیننس نامنظور‘‘،’’بندکروبندکرومہاجروں پرظلم وستم بندکرو‘‘،اور’’چیف جسٹس !کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کاسوموٹو نوٹس لیں‘‘،’’لاپتہ کارکنان کی گرفتاریاں ظاہرکی جائیں اور انہیںآئین وقانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کیاجائے ‘‘اور ’’PPOکالا قانون نامنظور‘‘کے نعروں والے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔اس موقع پرمظاہرین نے ایم کیو ایم کے اردو بولنے والے کارکنان پر زیر حراست ڈھائے جانیوالے ظلم وستم اور بیگناہ کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کر رہے تھے۔ اس موقع پراحتجاجی مظاہرین نے قائد تحریک الطاف حسین سے تجدید وفا کرتے ہوئے تحریک اور قوم پر ہر کڑے وقت میں ثابت قدم رہنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔
دریں اثناء ایم کیو ایم آزاد کشمیر کے زیر اہتمام بھی مظفر آباد ، میر پور آزاد کشمیر ، باغ اور راولاکوٹ میں بھر پور احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میںآزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حق پرست نمائندوں طاہر کھوکر اورسلیم بٹ سمیت ایم کیو ایم آزاد کشمیر کمیٹی کے ذمہ داران و کارکنا ن اورحق پرست عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرے کے شرکا ء نے مذمتی بینرز اور مختلف نعروں والے پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے اور انکی جانب سے ایم کیو ایم کے کارکنان کی بلا جواز گرفتاریوں ، زیر حراست ان پر انسانیت سوز تشدد اور انکے ماورائے عدالت قتل کے خلاف اور قائد تحریک الطاف حسین کے حق میں فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔