ایم کیوایم کے زیرا ہتمام 17اپریل جمعرات کو کراچی پریس کلب کے باہر سہ پہر 4بجے پرامن مظاہرہ کیا جائے گا
مظاہرے کے شرکاء ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کے خلاف غیر قانونی ، غیر آئینی ، غیر جمہوری اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے
18اپریل بروز جمعہ کو اس سلسلے میں ایم کیوایم کے زیر اہتمام ملک بھر کے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے
عوام و کارکنان احتجاجی مظاہروں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں ، رابطہ کمیٹی کی اپیل
کراچی ۔۔۔16، اپریل 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام 17اپریل بروز جمعرات سہ پہر 4بجے کراچی پریس کلب کے باہر بھر پور پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا ۔ مظاہرے میں بغیر نمبر پلیٹ کی ڈبل کیبن گاڑیوں میں سوار سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے کارکنان کی غیر قانونی گرفتاریوں ، انہیں لاپتہ کئے جانے ، ماورائے عدالت قتل اورسرکاری حراست میں انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف زبردست احتجاج ریکارڈ کرایاجائے گا ۔ احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ، اراکین رابطہ کمیٹی ، حق پرست اراکین پارلیمنٹرین ، ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان ، حق پرست عوام ، گرفتاریوں کے بعد لاپتہ کئے گئے ایم کیوایم کے کارکنان کے اہل خانہ ، ماورائے عدالت قتل کئے گئے کارکنان کے لواحقین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے ۔ کراچی کی طرح 18اپریل بروز جمعہ ایم کیوایم کے زیر اہتمام ملک بھر کے پریس کلب کے باہر پرامن مظاہرے کئے جائیں گے جن میں عوام و کارکنان اپنا بھر پور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔
دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے عوا م و کارکنان سے اپیل کی کہ وہ 17اپریل بروز جمعرات کو کراچی پریس کلب اور 18اپریل بروز جمعہ کو ملک بھر کے پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کے خلاف غیر قانونی ، غیر آئینی ، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی اقدامات کے خلاف بھر پور احتجاج ریکارڈ کرائیں ۔