آئینی و قانونی راستے اختیار کرنے کے باوجود سادہ لباس اہلکار ایم کیوایم کے کارکنان کو بلاجواز اور غیر قانونی طور پر گرفتا رکررہے ہیں اور گرفتاریوں سے لاعلمی کااظہار کررہے ہیں ، حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی
کارکنان کے سیاسی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر ایم کیوایم ہر سطح پر احتجاج کرے گی ، ارکان صوبائی اسمبلی
وفاقی اور سندھ حکومت کراچی میں سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے کارکنان کی گرفتاریوں اور انہیں لاپتہ کرنے کے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیں ، حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی
کراچی ۔۔۔16،اپریل 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان صوبائی اسمبلی نے سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے کارکنان کی مسلسل گرفتاریوں ، ماورائے عدالت قتل ، انہیں لاپتہ کئے جانے اور کراچی میں اردو بولنے والے پروفیشنلز کے بہیمانہ قتل کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ ہے کہ مذکورہ واقعات سے ثابت ہوچکا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے بجائے ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ،کارکنان کی بلاجواز اور غیر قانونی گرفتاریوں ، انہیں لاپتہ کئے جانے اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف پہلے بھی اپناپرامن احتجاج ریکارڈ کراچکی ہے اور انصاف کے حصول اور لاپتا کارکنان کی بازیابی کیلئے عدالتوں میں پٹیشن بھی داخل کرچکی ہے لیکن ان تمام آئینی و قانونی اور جمہوری راستے اختیار کرنے کے باوجود آج بھی ڈبل کیبن میں سوار سادہ لباس اہلکار دن دیہاڑے ایم کیوایم کے کارکنان کو گرفتار کررہے ہیں اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کرکے نہ صرف بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں بلکہ ان کی گرفتاریوں سے بھی لاعلمی کااظہا رکررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور ان کی کمین گاہوں کے خاتمے کے بجائے ایم کیوایم کے کارکنان کی تواتر سے گرفتاریاں اور انہیں لاپتہ کردینا ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کے سیاسی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور ایم کیوایم اس ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ہر سطح پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی ۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے کارکنان کی گرفتاریوں اور انہیں لاپتہ کرنے کے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، اس کی فی الفور تحقیقات کراکے ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی نے کارکنان و عوام سے اپیل کی کہ وہ سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے کارکنان کی گرفتاریوں اور انہیں لاپتہ کئے جانے کے خلاف 17اپریل جمعرات سہ 4بجے منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھر پور شرکت کریں ۔