ایم کیوایم کوہرسطح پردیوارسےلگانےاورحقوق پامال کرنےکاعمل جاری ہے، احمد سلیم صدیقی
مظالم کےباوجود جناب الطاف حسین ملک کی تمام قومیتوں کےحقوق کی مخلصانہ جدوجہد کررہےہیں
لیاقت آبادمیں ایم کیوایم ایلڈرزونگ کےتحت عوامی رابطہ مہم کےسلسلےمیں منعقدہ بڑےاجتماع کےشرکاء سے خطاب
کراچی ۔۔۔14، اپریل2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن احمد سلیم صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کو ہر سطح پر دیوار سے لگانے اورحقوق پامال کرنے کا عمل جاری ہے اور بد قسمتی سے آج تک ہمیں کھلے دل سے پاکستانی قوم تسلیم نہیں کیا گیا لیکن اس کے باوجود قائد تحریک جناب الطاف حسین ملک کی تمام مظلوم قومیتوں کے حقوق کے حصول کی مخلصانہ جدوجہد کررہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز لیاقت آبادمیں ایم کیوایم ایلڈرزونگ کے زیرا ہتمام عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ بڑے اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم ایلڈرزونگ کے جوائنٹ انچارج ضمیر الحق اور اراکین بھی موجود تھے ۔ احمد سلیم صدیقی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم میں کسی بھی سطح پر کوئی فقہی اور مذہبی منافرت سرے سے موجود ہی نہیں ہے اورقائد تحریک جناب الطاف حسین نے ہمیشہ باہمی اتفاق اور اتحاد کی بات کی ہے ،ایم کیوایم تو انسانیت برائے خدمت کے جذبے سے سرشار ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جس کا مشن ، مقصد ، نظریہ او رایجنڈا پاکستان کی بقا و سلامتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو عناصر ملک توڑنے کی باتیں کررہے ہیں وہ کسی اور اکے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں اور یہ وہی لوگ ہیں جن کو عوام نہ صرف مسترد کرچکے ہیں بلکہ ان نام نہاد مذہبی اور سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا کھل کر میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے آچکا ہے کہ یہ نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتیں پاکستان کے سیاسی ومذہبی نمائندے نہیں بلکہ سفاک دہشت گرد کے سرپرست اعلیٰ ہیں جو پاکستان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے درپے ہیں اور جن کی نظر میں پاکستان کے آئین کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے حب الوطنی کے جذبے کوہمیشہ غلط رنگ دیا گیا اور اسے ملک دشمن ثابت کرنے کی کوشش کی گئی لیکن موجودہ حالات میں اب ملک کے دشمن اور دوست سب بے نقاب ہورہے ہیں اور عوام ان حالات سے نہ صرف باخبر رہیں بلکہ اس کا ساتھ دیں جو ملک و قوم سے مخلص ہیں اور کسی بھی بیرونی ایجنڈے کا حصہ ہرگز نہیں بنے ہوئے ہیں ۔