آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں حق پرست وزراء طاہر کھوکھر اور سلیم بٹ نے لاہور کے مختلف علاقوں اور مارکٹوں کا دورہ کرکے ایم کیوایم کے زیر اہتمام ڈونگی گراؤنڈ میں منعقد ہونیوالی صوفیائے کرام کانفرنس کے پمفلٹ تقسیم کئے
ایم کیوایم کے تحت ہونیوالی کانفرنس صوفیائے کرام کی تعلیمات اور اسلامی تشخص کو تحفظ فراہم کرے گی، طاہر کھوکھر اور سلیم بٹ کی تاجر برادری اور دکانداروں سے گفتگو
لاہور ۔۔۔8، مارچ2014ء
آزاد کشمیر قانون اسمبلی میں ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی اور صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر اورصوبائی وزیر برائے اسپورٹس سلیم بٹ نے لاہور کی مون مارکیٹ ، علامہ اقبال ٹاؤن، گلبر گ اور لبر ٹی چوک و مارکیٹ کا دورہ کرکے تاجر برادری اور دکانداروں میں متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام 9مارچ کو لاہور کی وحدت کالونی میں واقع ڈونگی گراؤنڈ میں ہونے والی عظیم لشان صوفیائے کرام کانفرنس کے پمفلٹ تقسیم کئے۔ آزاد کشمیر میں حق پرست وزراء نے تاجر برادری اور دکانداروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں صوفیائے کرام کانفرنس کی اہمیت اور مقاصد سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کی تعلیمات مسلم امہ کا اثاثہ ہیں اورآج ان کی تعلیمات پر دہشت گردوں کی جانب سے بری طرح سے قدغن لگائی جارہی ہے اور ایم کیوایم کے تحت ہونیوالی کانفرنس صوفیائے کرام کی تعلیمات اور اسلامی تشخص کو تحفظ فراہم کرے گی ۔ تاجر برادری اور دکانداروں نے صوفیائے کرام کانفرنس کے انعقاد کا خیر مقدم کیا اور اس میں اپنی بھر پور شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔