پراپرٹی کیس میں ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین کے حق میں تاریخی فیصلہ آنے پر'' ہفتہ تشکر''منا یاجائے گا
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے کنوینر مصطفےٰ عزیزآبادی کا انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں وڈیوبریفنگ میں اعلان
الطاف بھائی کے حق میں عدالت کاتاریخی فیصلہ حق کی فتح ہے
یہ قائدتحریک الطاف حسین کی فتح ہے، ان کی تحریک کی فتح ہے اورپوری قوم کی فتح ہے، تمام مظلوموں کی فتح ہے
تحریکی ساتھی اس تاریخ فتح پر خوشی منائیں، شہیدوں کوخوشی میں شامل کرنے کیلئے انکی قبروں پر جاکر پھول چڑھائیں ،فاتحہ خوانی کریں
شہیدوں،لاپتہ اور اسیرساتھیوں کے لواحقین کوبھی خوشی میں شامل کریں
لندن… 20 جولائی 2024ئ
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے اعلان کیاہے کہ پراپرٹی کیس میں ایم کیوایم کے بانی وقائدجناب الطاف حسین کے حق میں تاریخی فیصلہ آنے پر'' ہفتہ تشکر''منا یاجائے گا۔ اس بات کااعلان ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے کنوینر مصطفےٰ عزیزآبادی نے آج انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں وڈیوبریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وڈیوبریفنگ میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر قاسم علی رضا،شاہد رضا،رابطہ کمیٹی کے ارکان افتخارحسین ، ارشدحسین ،محفوظ حیدری اوررابطہ کمیٹی کے سینئرایڈوائزراورسابق کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے شرکت کی اورپراپرٹی کیس کے سلسلے میں اظہارخیال کیا۔
مصطفےٰ عزیزآبادی نے کہاکہ پراپرٹی کیس میں کورٹ آف اپیل کے تین فاضل جج صاحبان پر مشتمل اعلیٰ سطحی بینچ نے بزنس کورٹ کے فیصلے کوکالعدم قراردیکر بانی وقائدجناب الطاف حسین کے حق میں جوتاریخی فیصلہ دیاہے وہ حق کی فتح ہے جس پر ہم اللہ تعالیٰ کے حضورسجدہ شکر اداکرتے ہیں، یہ تاریخی فتح بانی و قائدتحریک جناب
الطاف حسین کی فتح ہے، ان کی تحریک کی فتح ہے اورپوری قوم کی فتح ہے، یہ شہیدوں ، لاپتہ ساتھیوں ،اسیروں اورثابت قدم ساتھیوں کی قربانیوں کی فتح ہے جس پر قائدتحریک جناب الطاف حسین اور تحریک کے ایک ایک کارکن ،ایک ماں،ایک ایک بہن ،ایک ایک بزرگ، ایک ایک نوجوان ،ایک ایک بچے کومبارک ہو۔ مصطفےٰ عزیزآبادی نے اعلان کیاکہ قائدتحریک جناب الطاف اورتحریک کی اس تاریخی فتح پر '' ہفتہ تشکر''منا یاجائے گا۔ سندھ، پنجاب ، پختونخوا ، بلوچستان ، آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور پورے پاکستان اوراوورسیزیونٹوں میں موجود تمام تحریکی ساتھی اس تاریخ فتح پر خوشی منائیں، اس خوشی میں اپنے شہیدوں کوشامل کرنے کے لئے شہیدوں کی قبروں پر جاکر پھول چڑھائیں ،فاتحہ خوانی کریں،شہیدوں،لاپتہ ساتھیوں اور اسیرساتھیوں کے لواحقین کے پاس جاکرانہیں بھی اس خوشی میں شامل کریں۔اسی طرح اوورسیزیونٹس بھی ہفتہ تشکرکے سلسلے میں تقریبات کریں۔ مصطفےٰ عزیزآبادی نے ان مقدمات میں مالی معاونت کرنیو الے ساتھیوں خصوصاً اوورسیزیونٹوں کے ساتھیوں کو خصوصی خراج تحسین پیش کیاجنہوں نے قرضے لے لیکر عطیات دیے انہوں نے مقدمہ کی کامیابی کے سلسلے میں تیاری کرنے والی فرم ایم کیوایم کی CM ATIF & CO کے سینئر سولیسیٹر چوہدری محمدعاطف اوران کے صاحبزادے سلمان عاطف کومبارکباد پیش کی جنہوں نے سولیسیٹر کی طرح نہیں بلکہ فیملی ممبر کی طرح اس کیس کولڑا ۔
انہوں نے کورٹ میں پیروی کرنے والے بیرسٹر رچرڈسلیڈ کوبھی خصوصی مبارکبادپیش کی۔