سیدعلی رضاعابدی شہید کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایم کیوایم کے زیراہتمام لندن کے ٹریفلگر اسکوائر پر شمعیں روشن کی گئی
تقریب میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان، کارکنوں، نوجوانوں، بزرگوں، ٰخواتین اوربچوں، صحافیوں،سول سوسائٹی اورانسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنوں نے شرکت
سیدعلی رضاعابدی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کی یہ تعزیتی تقریب سخت سردی کے باوجود جاری رہی
تعزیتی تقریب سیاحوں کی توجہ کامرکزبنی رہی ،سیاحوں نے بھی سیدعلی رضاعابدی کے سفاکانہ قتل کی مذمت کی
سیدعلی رضا عابدی شہید کے قاتل دنیاکے سامنے بے نقاب کئے جائیں اورانہیں قرارواقعی سزادی جائے ۔ڈاکٹرندیم احسان
سیدعلی رضا عابدی شہید کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، پاکستان سے فرقہ وارانہ دہشت گردی کاخاتمہ ہوگا ۔قاسم علی رضا
سیدعلی رضاعابدی شہید کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیشن قائم کیاجائے۔مصطفےٰ عزیزآبادی
حکومت اورریاستی ادارے عوام کی جان ومال کے تحفط میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ سفیان یوسف
مظالم سے نہ توایم کیوایم کوختم کیا جاسکتاہے اور نہ ہی عوام وکارکنان کے دلوں سے الطاف حسین کی محبت کونکالاجا سکتا ہے۔ ہاشم اعظم
لندن ۔۔۔ 6 جنوری 2019ء
ایم کیوایم کے سابق رکن قومی اسمبلی اورنوجوان رہنماسیدعلی رضاعابدی شہید کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایم کیوایم کے زیراہتمام آج لندن میں تاریخی مقام ’’ ٹریفلگر اسکوائر ( Trafalgar Square) پر شمعیں روشن کرنے کی تعزیتی تقریب منعقد کی گئی۔ خراج عقیدت پیش کرنے کی یہ تعزیتی تقریب سخت سردی کے موسم میں بھی جاری رہی ۔تقریب میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے کنوینرڈاکٹرندیم احسان، اراکین رابطہ کمیٹی ،ایم کیوایم یوکے کے ذمہ داران اور لندن اوردیگرشہروں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے کارکنوں، نوجوانوں، بزرگوں، ٰخواتین اوربچوں کے ساتھ ساتھ صحافیوں،سول سوسائٹی اورانسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنوں نے بھی شرکت کی ۔ شرکاء نے قطارمیں آکرشہیدسیدعلی رضاعابدی کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شمعیں جلائیں اوران کی یاد میں کچھ دیرشمعیں لیکرکھڑے رہے۔ اس موقع پر سید علی رضاعابدی شہیدکی تصاویر کے بڑے بڑے پینافلیکس لگائے گئے تھے جن پر خراج عقیدت کے الفاظ تحریرتھے ۔ اس کے علاوہ حاظرین جناب الطاف حسین کی تصاویر اورپلے کارڈز بھی ہاتھوں میں لئے ہوئے تھے جن پر ریاستی مظالم کے خلاف کلمات درج تھے ۔ایم کیوایم کی جانب سے شمعیں جلانے کی یہ تعزیتی تقریب سیاحوں کی توجہ کامرکزبنی رہی اورانہوں نے ایم کیوایم کے کارکنوں سے اس کے مقاصد کے بارے دریافت کیااورسیدعلی رضاعابدی کے سفاکانہ قتل کی مذمت کی ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے کنوینرڈاکٹرندیم احسان نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ سیدعلی رضاعابدی شہید مہاجرعوام کے درمیان اتحادویکجہتی، بھائی چارے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کام کررہے تھے ،اسی وجہ سے انہیں ریاستی اداروں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔علی رضاعابدی شہید نے تمام ترریاستی مظالم اوردھمکیوں کے باوجود حق کی آوازبلندکی اور قائدتحریک الطاف حسین کی کھل کرحمایت کرتے رہے ، اسی وجہ سے انہیں دھمکیاں دی گئیں اورپھرشہید کردیاگیا۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ سیدعلی رضا عابدی شہید کے قاتلوں کوگرفتارکیاجائے ، ان کے نام اور چہرے دنیاکے سامنے بے نقاب کئے جائیں اورانہیں قرارواقعی سزادی جائے ۔ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر قاسم علی رضا نے کہاکہ سید علی رضاعابدی کوشہید کرکے اتحادبین المسلمین اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک تواناآوازکوخاموش کردیاگیالیکن ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، پاکستان سے فرقہ وارانہ دہشت گردی کاخاتمہ ہوگا، ملک میں امن وسلامتی قائم ہوگی اورجوعناصراپنے مذموم مقاصدکیلئے ملک میں دہشت گردی کرنا چاہتے ہیں ان کے منصوبے ناکام ہوں گے۔رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفےٰ عزیزآبادی نے اظہارخیال کرتے ہوئے سیدعلی رضاعابدی شہید کوخراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ سیدعلی رضاعابدی شہید کے بہیمانہ قتل کی تحقیقات کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیشن قائم کیاجائے اور قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزادی جائے۔رابطہ کمیٹی کے رکن سفیان یوسف، ایم کیوایم یوکے کے آرگنائزر ہاشم اعظم ، جوائنٹ آرگنائزر سہیل خانزادہ اوردیگرشرکاء نے بھی اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے سیدعلی رضاعابدی شہید کے قتل کی مذمت کی اورحکومت پاکستان سے مطالبہ کیاکہ اس گھناؤنے قتل کی تحقیقات کرائی جائے اوردرندہ صفت قاتلوں کوفی الفورگرفتارکیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں قیام امن کے صرف دعوے کئے جاتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت اورریاستی ادارے عوام کی جان ومال کے تحفط میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ اس قسم کے ریاستی مظالم سے نہ توایم کیوایم کوختم کیا جاسکتاہے اور نہ ہی عوام وکارکنان کے دلوں سے قائدتحریک الطاف حسین کی محبت کونکالاجا سکتا ہے۔