9، دسمبر کویوم شہداء کے پرامن اجتماع کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے ، کنوینر ایم کیوایم ڈاکٹر ندیم احسان
پاکستان کے ارباب اختیار، ارباب اقتدار، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر اہم شخصیات کے نام خط
اس حوالے سے خط اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ، اقوام متحدہ کے سفارتکاروں، مختلف ممالک کے سربراہان، مختلف ممالک کے ارکان کانگریس، سینٹ،پارلیمنٹ، انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں، این جی اوزاور انٹرنیشنل میڈیاکو بھی بھیجاگیا ہے، ایم کیوایم
متحدہ قومی موومنٹ نے 9، دسمبر کو یوم شہداء کے سلسلے میں یادگار شہداء عزیزآباد میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے پرامن اجتماع سے پاکستان کے ارباب اختیار اور اقتدار کو خط لکھ کر آگاہ کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے کنوینر ڈاکٹر ندیم احسان نے مورخہ 5، دسمبر2018ء کو ایک خط لکھ کر پاکستان کے ارباب اختیار، ارباب اقتدار، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر اہم شخصیات کو خط لکھ کر آگاہ کردیا ہے کہ ایم کیوایم 9، دسمبر 2018ء کو اپنے شہداء کا دن منائے گی، اس دن شہداء کے لواحقین اور ایم کیوایم کے کارکنان وہمدرد یادگارشہداء اورشہداء قبرستان واقع عزیزآباد کراچی میں پرامن طورپر جمع ہوں گے ، شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کریں گے اورپرامن طورپر منتشر ہوجائیں گے ۔ ڈاکٹرندیم احسان نے پاکستان کے ارباب اختیار واقتدار اورعدلیہ سے کہاہے کہ یوم شہداء کا اجتماع خالصتاً اسلامی اجتماع ہے لہٰذا اس اجتماع کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے اور پرامن عوام کے خلاف ریاستی طاقت کا استعمال نہ کیاجائے ۔ ڈاکٹر ندیم احسان کی جانب سے تحریر کیا گیاخط اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ، اقوام متحدہ کے سفارتکاروں، مختلف ممالک کے سربراہان، مختلف ممالک کے ارکان کانگریس، سینٹ،پارلیمنٹ، انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں، این جی اوزاور انٹرنیشنل میڈیاکو بھی بھیجاگیا ہے ۔
(اس خبر کے ساتھ مذکورہ خط بھی منسلک ہے)
*****