تادم مرگ بھوک ہڑتال میں رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی ، رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین اور ایم کیوایم کے ذمہ دار اویس الحسن برنی کی طبیعت انتہائی ناساز ہوگئی
اسلم آفریدی، شیخ صلاح الدین اور اویس الحسن برنی کو ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے کیمپ میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے
ڈاکٹروں کی جانب سے تادم مرگ بھوک ہڑتال ختم کرنے کے مشورے کے باوجود بھوک ہڑتال پر بیٹھے افراد انکاری ہیں
کراچی ۔۔۔21، اگست2016ء
مہاجروں کے سیاسی ، معاشی ، سماجی ، تعلیمی ، جسمانی قتل عام ، کارکنان کے گھروں و دفاتر پر غیر آئینی و غیر قانونی چھاپوں ، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کی کراچی پریس کلب کے باہر جاری ’’تادمِ مرگ بھوک ہڑتال ‘میں مزید تین بھوک ہڑتالیوں کی طبیعت انتہائی ناساز ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق رابطہ کمیٹی کے رکن اسلم آفریدی ، حق پرست رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین اور ایم کیوایم کے ذمہ دار اویس الحسن برنی تادم بھوک ہڑتال پر انتہائی ہمت اورعزم و حوصلے کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے ان پر نقاہت طاری ہوگئی اور ان کے جسم ہلنے لگے ۔ ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹروں نے ان کا فوری طور پر طبی معائنہ کیا اور ضروری طبی امداد فراہم کی، ڈاکٹروں نے طبیعت خراب ہونے والے افراد کو بھوک ہڑتال ختم کرنے کا مشورہ دیا لیکن تینوں بھوک ہڑتالیوں نے اس سے انکار کردیا ، اس وقت بھی انہیں ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے طبی کیمپ میں ڈرپس لگائی جارہی ہیں ۔