ایم کیوایم تادم مرگ بھوک ہڑتال میں آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوب اعواننے متحدہ قومی موومنٹ کے دکھ، درد اور جدوجہد میں شامل ہونے کا اعلان کردیا
ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جارہے اس پر ہر محب وطن پاکستانی کو تشویش ہے، مطلوب اعوان
ایسے حالات پیدا نہ کئے جائیں کہ لوگ سڑکوں پر آکر اپنے حقوق چھین لیں ، مطلوب اعوان
ایم کیوایم سمبلیوں سے استعفے دینے کے فیصلے پر نظرثانی کریں کیونکہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ آپ اسمبلیوں سے بھی باہر آجائیں، مطلوب اعوان
کراچی ۔۔۔20، اگست2016ء
آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوب اعوان نے اپنے وفد کے ہمراہ ایم کیوایم کے کراچی پریس کلب پر لگائے گئے تادم مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ کا چوتھے دن دورہ کیا اور بھوک ہڑتالیوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کیا ۔ مطلوب اعوان اور ان کے وفد کے اراکین نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان سے ملاقاتیں کیں اور ظلم و جبر کے خلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ مطلوب اعوان نے بھوک ہڑتالی شرکاء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جارہے اس پر ہر محب وطن پاکستانی کو تشویش ہے ، ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متحدہ قومی موومنٹ ایک اکثریتی جماعت ہے اور اسے عوام کا بھاری مینڈیٹ حاصل ہے اسے بند گلی میں نہ دھکیلا جائے ، یہ بالکل ناانصافی ہے ، اس ظلم و بربریت کیخلاف پاکستان کا ہر شہری احتجا ج کریگا اور اس احتجا ج میں ہم بھی شامل ہیں ۔ اصل برائی کی جڑ ہمارے نظام میں ہے ، ادارے صحیح کام کررہے ہوتے تو یہ تمام معاملات آج نہیں ہوتے ، میری سمجھ کے مطابق آج پاکستان میں ٹی او آر کا شور کیاجارہا ہے ، سپریم کورٹ کی خاموشی سوالیہ نشان ہے ایسے ادارے سے ہم عام لوگوں کو انصاف کی توقع کیا رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے حالات پیدا نہ کئے جائیں کہ لوگ سڑکوں پر آکر اپنے حقوق چھین لیں ، ہم سب متحدہ قومی موومنٹ کے دکھ اور درد میں شامل ہیں اور ان کی جدوجہد میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہیں چاہے اس کیلئے ہمیں بھی گرفتاریاں کیوں نہ دینی پڑے لیکن اس ملک سے ظلم و زیادتی ختم ہونی چاہئے۔ میری جناب الطاف حسین سے گزارش ہے کہ آپ لوگ اسمبلیوں سے استعفے دینے کے فیصلے پر نظرثانی کریں کیونکہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ آپ اسمبلیوں سے بھی باہر آجائیں تاکہ غریبوں کی آواز اسمبلیوں میں بھی نہ اٹھ سکے ۔ انشاء اللہ تعالیٰ ظلم کی رات بہت جلد ختم ہوگی اور آپ لوگوں کی محنت اور قربانیوں سے لوگوں کو انصاف میسر آئیگا۔