میں جسمانی طور پر برطانیہ میں ضرور مقیم ہوں لیکن روحانی طور پر اپنے وطن میں اپنے ساتھیوں اور عوام کے درمیان ہوں۔ الطاف حسین
گرفتاریاں، جھوٹے مقدمات اور قید و بند کی صعوبتیں حق پرستی کی جدوجہد کا حصہ ہو اکرتی ہیں
اپنے ساتھیوں سے کہتا ہوں اگر برطانوی پولیس مجھے گرفتار کرلے تو تم گھبرانا نہیں، باہمت رہنا، ڈٹے رہنا
تمہار اقائد بے قصور تھا اور بے قصور ہے، اس کا دامن صاف ہے، وہ گرفتاری سے نہیں ڈرتا
حق پرست عوام چاہے کسی بھی برادری سے تعلق رکھتے ہوں انکی برادری ایک ہی ہے لہٰذا وہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے آپس میں ایک ہو کر جدوجہد کریں
ایم کیوایم کسی بھی نسلی و لسانی اکائی، کسی قومیت یا برادری کے خلاف نہیں بلکہ سب کے حقوق کا احترام کرتی ہے
میر پور خاص اور حیدر آباد کی زونل کمیٹیوں، شعبہء خواتین اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داروں سے فون پر گفتگو
حکومت اور الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب کے سلسلے میں 22 اگست کو پرامن ووٹنگ کو یقینی بنائے۔ الطاف حسین
لندن ۔۔۔ 17 اگست 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطا ف حسین نے کہاہے کہ میں جسمانی طورپرگزشتہ 21برسوں سے برطانیہ میں ضرور مقیم ہوں لیکن میں روحانی طور پر اپنے وطن میں اپنے ساتھیوں اورعوام کے درمیان ہوں اور دنیا کی کوئی طاقت مجھے اپنے ساتھیوں اورعوام سے دور نہیں کرسکتی۔ انہوں نے یہ بات 22 اگست کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں میرپورخاص اور حیدرآباد زون میں زونل کمیٹیوں کے ارکان، شعبہء خواتین اور مختلف شعبہ جات کے ذمہ داروں سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر میرپورخاص زون آفس پر حق پرست ارکان قومی وصوبائی بھی موجودتھے۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ کسی مشن ومقصد کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والا کوئی رہنما کبھی اپنے شہر کی جیل میں قیدہوکر اپنے لوگوں سے بظاہرجسمانی طورپر کٹاہوتاہے لیکن حالات کی ستم ظریقی یہ کہ کوئی جیل میں قید نہ ہوکر بھی جیل جیسی زندگی گزارتاہے اسلئے کہ وہ اپنے مشن ومقصد ،شہیدوں کی قربانیوں اوراپنے ضمیرکاسوداکرنے کیلئے تیارنہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ گرفتاریاں، جھوٹے مقدمات اور قیدوبند کی صعوبتیں حق پرستی کی جدوجہد کاحصہ ہواکرتی ہیں ۔ میں نے اپنی 35سالہ تحریکی جدوجہد میں بڑی بڑی آزمائشوں اور جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا ہے ، قید و بند کی صعوبتیں بھی اٹھائیں لیکن اپنے مشن ومقصد کا سودانہیں کیا، وقت نے ثابت کردیاکہ مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات اور مقدمات جھوٹے تھے اوراللہ نے مجھے، میری تحریک کو اوراسکے چاہنے والوں کوسرخرو کیا۔ میں اپنے ساتھیوں سے کہتا ہوں کہ اگر برطانوی پولیس مجھے گرفتاربھی کرلے توتم گھبرانانہیں، باہمت رہنا، ڈٹے رہنا کیونکہ تمہارا قائد بے قصورتھا اور بے قصور ہے، اس کا دامن صاف ہے اور وہ گرفتاری یا کسی بھی قسم کی کارروائی سے نہیں ڈرتا۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم کسی بھی نسلی و لسانی اکائی، کسی قومیت یابرادری کے خلاف نہیں بلکہ سب کے حقوق کااحترام کرتی ہے۔ ایم کیوایم نے عزیزآباد سے پہلے سندھی اوراب ایک بلوچ کوقومی اسمبلی کی نشست دی اورعملاً ثابت کیا کہ وہ کسی بھی قومیت کے خلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد قوم پرست سندھ دھرتی اور سندھی قوم پرستی کا نعرہ لگا کر یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ وہ سندھیوں کے ہمدرد ہیں جبکہ سائیں جی ایم سید خود اپنی زندگی میں کہہ چکے تھے کہ اگر سندھ کو کوئی اسکے حقوق دلوائے گا تو وہ الطاف حسین ہی دلوائے گا۔ جناب الطا ف حسین نے حیدرآباد اور میرپورخاص کی تمام برادریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جب آپ نے فلسفہء حقیقت پسندی کے تحت الطاف حسین کا ہاتھ تھاما ہے توآپ یہ تصور کریں کہ آپ ایک ہی برادری کے ہیں۔ حق پرست عوام چاہے کسی بھی برادری سے تعلق رکھتے ہوں انکی برادری ایک ہی ہے لہٰذاوہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے آپس میں ایک ہوکر جدوجہد کریں۔ میری نظرمیں تمام برادریاں برابرہیں، میں سب کااحترام کرتا ہوں۔جناب الطا ف حسین نے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ایم کیوایم کے امیدوارکی حمایت کرنے اوراپنے بھرپور تعاون کا یقین دلانے پر میرپورخاص کے چھوٹے بڑے تاجروں، دکانداروں، خوانچہ فروشوں، رکشہ والوں، بلوچ اتحاد، میواتی، قائم خانی برادری سمیت تمام برادریوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ایم کیوایم کے نمائندے کامیاب ہو کر آپکے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور اس کیلئے سر دھڑ کی بازی لگائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ 22 اگست کو میرپورخاص میں حق پرستی کاسورج طلوع ہوگا جس کی روشنی سے میرپورخاص اوراردگرد کے علاقے بھی منورہونگے۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ میرپورخاص ایم کیوایم کا گڑھ ہے لیکن بدقسمتی سے ہر الیکشن میں مسلح افراد دیہی علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کرکے ہمارے مرد و خواتین پولنگ ایجنٹس اور الیکشن عملے کوباہر نکال دیتے ہیں اورہزاروں کی تعداد میں جعلی ووٹ بھگتاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں22 اگست کو پرامن ووٹنگ کویقینی بنایا جائے۔ اگرحکومت نے ایسا نہ کیا تو عوام احتجاج کرنے میں حق بجانب ہونگے۔ جناب الطا ف حسین نے کہا کہ تمام ترمصائب ومشکلات کے باوجود ایم کیوایم کے کارکنوں کے جذبوں میں کوئی کمی نہیں آئی اورانکے جذبے جوان ہیں۔ انہوں نے اے پی ایم ایس او کے کارکنوں اورطلبہ وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پرتوجہ دینے کے ساتھ ساتھ قوم کے حقوق کے حصول کیلئے بھی اپنی توانائیاں صرف کریں۔ انہوں نے ماؤں بہنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھی اپنے بھائیوں اور بیٹوں کے شانہ بشانہ جدوجہد میں شامل ہوں اور تحریک کوضمنی انتخابات میں کامیابی دلانے کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن خالد سلطان، حیدرآبادکے زونل انچارج محمدشریف، میرپورخاص کے زونل انچارج شبیر قائمی، زونل کمیٹیوں کے ارکان، میرپورخاص میں موجود حق پرست ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نبیل گبول، اشفاق منگی،زونوں دیگر کے ذمہ داروں اور ماؤں بہنوں نے جناب الطاف حسین کو یقین دلایا کہ انشاء اللہ ضمنی انتخابات میں ایم کیوایم کے امیدواروں کی کامیابی کویقینی بنانے کیلئے وہ سردھڑ کی بازی لگادیں گے اورتحریک کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔