پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے 66ویں یوم آزادی پر الطاف حسین کی دلی مبارکباد
پاکستان کو قائد اعظم کے خواب اور سوچ و فکر کے مطابق بنانے کیلئے انتہاء پسندی اور جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کیاجائے ، الطاف حسین
پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے عوام کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئےایم کیوایم قومی انسداد دہشت گردی پالیسی کااجراء کرچکی ہے
جشن آزادی کے موقع پر ہر پاکستانی کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ وہ ملک میں رائج جاگیردارانہ نظام اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ، الطاف حسین
لندن۔۔۔13، اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو 66ویں یوم آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔66ویں جشن آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ قیام پاکستان اور آزادی کی نعمت کے اصل مقاصد اس کی روح کے مطابق تب تک حاصل نہیں کئے جاسکتے ہیں جب تک ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ۔ انہوں نے کہاکہ آج پاکستان دہشت گردی کے جس عفریت کا شکار ہے اس سے نبرد آزما ہونے کے لئے دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اور جامع منصوبہ بندی کی ضرورت گذشتہ کئی برسوں سے محسوس کی جارہی تھی لہٰذاآج ایم کیو ایم پاکستان کے 66ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے عوام کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے قومی انسداد دہشت گردی پالیسی کااجراء کرچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آجآ پاکستان کو آزاد ہوئے 66برس گزر گئے لیکن جاگیردارانہ ذہنیت کے زیر اثر جمہوریت نے پاکستان کے عوام کو آزادی اور جمہوریت کے ثمرات سے محروم رکھا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے خواب اور سوچ و فکر کے مطابق ایک لبر ل، ڈیمو کریٹک اور فلاحی مملکت بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ملک سے انتہاء پسندی اور جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کیاجائے ، کسی بھی شہری کے ساتھ مذہب ، فقہ ، عقیدے اورجنس کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہ کیاجائے ، مذہبی اقلیتوں اور دیگر شہریوں کو مساوی حقوق دیئے جائیں اور پاکستان میں آباد تمام مذاہب ، فقہوں ، مسلکوں اور عقائد اور ان کے ماننے والوں اور ان کی عبادت گاہوں کا احترام کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ جشن آزادی کے موقع پرتمام پاکستانیوں کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ وہ ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اپنا بھر پور اور عملی کردار ادا کریں گے اور پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے خواب کی تعبیر دیں گے ۔