قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاورق ستار کا انتخابی مہم کے سلسلے میں لیاری کی مختلف یوسیز کا دورہ ، انتخابی دفاتر کے افتتاح اور کارنر میٹنگوں سے خطاب کیا
ایم کیوایم لیاری کے عوام کو تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتی ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ان کی صلاحیتوں کو استعمال میں لانا چاہتی ہے، ڈاکٹر فاروق ستار
ملک کی ترقی و خوشحالی کا راستہ جناب الطاف حسین کے فکر وفلسفہ اورنظریئے پر عمل کرکے کھولا جاسکتا ہے ، فاروق ستار
کراچی ۔۔۔22، نومبر2015ء
قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے گزشتہ روزبلدیاتی لیکشن کی مہم کے سلسلے میں لیاری کی مختلف یوسیز کا دورہ کیا ۔ اس دوران انہوں نے انتخابی کارنر میٹنگوں سے خطاب اور انتخابی دفاتر کا افتتاح بھی کیا ۔ اس موقع پر حق پرست رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی اور ایم کیوایم لیاری سیکٹر کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے لیاری کی یوسی 19، 18، 17اور 16کا دورہ کیا اور یہاں منعقدہ انتخابی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کیا جبکہ انہوں نے دھوبی گھاٹ ،لارنس پلازہ چوک ،پاروتی کمپاؤنڈ ، پنجابی گلی میں الیکشن دفاتر کے افتتاح بھی کئے ۔ لیاری کے عوام نے ڈاکٹر فاروق ستار کا شاندار استقبال کیا اور قائد تحریک جناب الطا ف حسین کے حق میں پرجوش نعرے لگائے ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے انتخابی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین بلاتفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایم کیوایم کو جب جب اقتدار کا موقع ملا ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں نے جناب الطاف حسین کی ہدایت کی روشنی میں لیاری سمیت تمام علاقوں میں ترقیاتی کام کروائے جس کے گواہ یہاں کے عوام ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی لیاری کو اپنا گڑھ قرار دیتی ہے لیکن پیپلزپارٹی نے یہاں کے عوام کو نہ صرف بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہوا ہے بلکہ اسے جرائم اور منشیات فروشوں کا اڈہ بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم لیاری کے عوام کو تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتی ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ان کی صلاحیتوں کو استعمال میں لانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لیاری کے حالات بدلنے کیلئے ضروری ہے کہ یہاں کے عوام بار بار آزمائے ہوئے لوگوں پر اعتماد کرنا چھوڑ دیں اور انتخابات میں ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو ان کے مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے مخلص ہوں ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی و خوشحالی کا راستہ جناب الطاف حسین کے فکر وفلسفہ اورنظریئے پر عمل کرکے کھولا جاسکتا ہے اور اس کا عملی ثبوت ایم کیوایم ماضی کے بلدیاتی الیکشن میں دے چکی ہے اور شہر کی ترقی و خوشحالی کی جو مثال ایم کیوایم نے قائم کی ہے وہی مثالیں ایم کیوایم ملک بھر میں قائم کرنا چاہتی ہے اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نامساعد حالات اور ظلم و ستم کے ہتھکنڈے ایم کیوایم کا راستہ نہیں روک سکتے اور ایم کیوایم ایسے تمام حالات کو ماضی میں جھیل چکی ہے اور عوام ایم کیوایم کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کو دیکھتے آئے ہیں اور ہر انتخابات میں ایم کیوایم کو کامیاب کراتے آئے ہیں ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 5دسمبر کے دن حق پرست امیدواروں کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور پتنگ کے انتخابی نشان پر مہر ثبت کرکے واضح کردیں کہ ایم کیوایم کو تب تک ختم نہیں کیاجاسکتا جب تک اس کا ایک ایک چاہنے والا موجود ہے ۔