متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام بلدیاتی الیکشن 2015ء کے سلسلے میں شہر بھر میں زبردست انتخابی مہم جاری ہے
انتخابی مہم کیلئے لیاقت آباد الکرم اسکوائر روڈ پر بڑے انتخابی جلسے کا انعقاد ، ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت
لیاقت آباد کے رہنے والے عوام نے شہید ملت خان لیاقت علی خان کے نام کا مان رکھا ہے، رکن رابطہ کمیٹی کنور نوید جمیل
کل تک طالبان کے دفاتر کھولنے کی باتیں کرنے والے آج کراچی والوں کو اتحاد کرکے بیوقوف بنا رہے ہیں، سی ای سی انچارج وسیم اختر
حق پرست قیادت کو کراچی اور اس کے عوام کی عملی خدمت کرنے کا شرف حاصل ہے ، ارکان اسمبلی سفیان یوسف ، عظیم فاروقی
کراچی ۔۔۔14، نومبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام بلدیاتی الیکشن 2015ء کے سلسلے میں شہر بھر میں زبردست انتخابی مہم جاری ہے ۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں، کارنر میٹنگوں کے انعقاد کا سلسلہ اور گھر گھر سے رابطے جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز انتخابی مہم کے سلسلے میں ایم کیوایم کے زیراہتمام لیاقت آباد الکرم اسکوائر روڈ پر ایک بڑا انتخابی جلسہ منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں ،بزرگوں، خواتین اور مختلف برادریوں کے رہنماؤں نے شرکت کی ۔ انتخابی جلسہ سے رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل ، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج وسیم اختر ، حق پرست رکن قومی اسمبلی سفیان یوسف اور حق پرست رکن سندھ اسمبلی عظیم فاروقی نے خطاب کیا جنہوں نے لیاقت آباد سے نامزد حق پرست امیدواران کا جلسے کے شرکاء سے تعارف بھی کرایا ۔ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی رکن کنور نوید جمیل نے کہاکہ لیاقت آباد کے رہنے والے عوام نے شہید ملت خان لیاقت علی خان کے نام کا مان رکھا ہے اور یہاں حق پرستی کی راہ میں اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والے شہداء کی بہت بڑی تعداد ہے ۔انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطا ف حسین نے غریب ومتوسط طبقے کے نوجوانوں کو اسمبلیوں کا رکن بنایا لیکن اپنے خاندان کے کسی فرد کو کوئی عہدہ نہیں دیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جناب الطاف حسین ملک میں رائج موروثی سیاست کے خلاف ہیں اور عملی طور پر جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سردارانہ نظام کے خاتمے کی جدوجہد کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حق پرستی کی راہ میں جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے کارکنان نے جو مصائب اورمشکلات برداشت کیں ہیں اور کررہے ہیں وہ تاریخ کا حصہ بن چکی ہیں اور تاریخ کے اوراق کو جب مستقبل میں پڑھا جائے گا جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے کارکنان حب الوطنی کے سب سے بڑے داعی ثابت ہوں گے ۔ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سی ای سی کے انچارج وسیم اختر نے کہاکہ ایم کیوایم پر ملک دشمنی کے بے ہودہ الزامات لگائے جاتے ہیں اور کارکنان کو گھروں سے گرفتار کرلے جایاجارہا ہے اور ہزاروں کارکنان کی گرفتاریوں ، ماورائے عدالت قتل اور لاپتہ کردینے کے باوجود ایم کیوایم کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ایم کیوایم پرامن جمہوری جماعت ہے اور جمہوری طریقے سے اپنے جائز حقوق حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی طالبان کے سیاسی ونگ ہیں کل تک طالبان کے دفاتر کھولنے کی باتیں کرنے والے آج کراچی والوں کو اتحاد کرکے بیوقوف بنا رہے ہیں ۔ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست ارکان اسمبلی سفیان یوسف اور عظیم فاروقی نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم ایک مرتبہ پھر متحد ہوں اور ایسے لوگوں کو کامیاب کریں جو منتخب ہوکر عوام کے مسائل ان کے دروازے پر حل کریں ۔ انہوں نے کہاکہ الحمد اللہ حق پرست قیادت کو یہ شرف حاصل ہے کہ اس نے کراچی اور اس کے عوام کی نہ صرف خدمت کی بلکہ شہر کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کیا ۔ انہوں نے انتخابی جلسہ کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 5دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں نامزد حق پرست امیدوران کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور نام نہاد سیاسی ومذہبی جماعتوں پر ایک مرتبہ پھر واضح کردیں کہ جھوٹے ، بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈے اور سازشیں عوام کو جناب الطاف حسین سے دور نہیں کرسکتی ۔