بلدیاتی انتخابات 2015ء کے سلسلے میں ایم کیوایم کے زیرا ہتمام گلشن اقبال بلاک 2میں بڑے انتخابی جلسہ کا انعقاد
جلسہ میں نامزد بلدیاتی امیدواروں ، علاقے کے نوجوانوں ،بزرگوں اور خواتین کی ہزاروں کی تعدا دمیں شرکت
5دسمبر کو ثابت ہوجائے گا کہ جناب الطاف حسین ہی کراچی اور ملک کے مظلوم عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں، رکن رابطہ کمیٹی عبد القادر خانزادہ
پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کرکے کراچی کے عوام کی آنکھیں کھول دی ہیں، سی ای سی ارکان حیدر رعباس رضوی ، ابو بکر
کراچی میں ایم کیوایم کے خلاف جاری آپریشن ، تشدد ، ماورائے عدالت ہلاکتوں اورجیل کی صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کے حب الوطنی کے جذبے کو ختم نہیں کیا جاسکا ہے، اراکین قومی اسمبلی
کراچی ۔۔۔12، نومبر2015ء
بلدیاتی انتخابات 2015ء کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام شہر بھر میں زبردست انتخابی مہم جاری ہے ، انتخابی مہم کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں ، عوامی اجتماعات ، اور کارنر میٹنگوں کاانعقاد کیاجارہا ہے اور گھر گھر جاکر عوام سے رابطے کئے جارہے ہیں ۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز ایم کیوایم کے زراہتمام گلشن اقبال بلاک 2ناصر حسین شہید پارک میں ایک بڑا انتخابی جلسہ ہوا جس میں نامزد حق پرست امیدواران اورعلاقے کے نوجوانوں، بزرگوں، خواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اور گلشن اقبال سے نامزد حق پرست امیدواران کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔انتخابی جلسہ کے شرکاء سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالقادر خانزادہ، ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان حیدر عباس رضوی ، ابو بکر ، حق پرست ارکان قومی اسمبلی مزمل قریشی، محترمہ نگہت شکیل اورمحترمہ ثمن جعفری نے خطاب کیا۔ اس موقع پر شرکاء کا جوش و خروش قابل دید تھا اور وہ وقفے وقفے سے قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیوایم کے حق میں پرجوش نعرے بازی کرتے رہے ۔ انتخابی جلسہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن عبد القادر خانزادہ نے کہاکہ 5دسمبر کو کراچی میں حق پرستی کا سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکے گا اور اس دن ثابت ہوجائے گا بانی وقائد تحریک جناب الطاف حسین ہی شہر کراچی اورملک کے مظلوم عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے خلاف 1992ء کو جو آپریشن شروع کیا گیا تھا وہ آج تک جاری ہے اور آپریشن کرنے والے حق پرستی کی تحریک کو ختم کرنے کیلئے پوری قوت ، وسائل اور ذرائع کا غیر قانونی استعمال کیا لیکن عوام اور جناب الطا ف حسین کے مضبوط رشتہ میں دراڑ ڈالنے میں ہمیشہ کی ناکام رہے ہیں ۔ انتخابی جلسہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سی ای سی کے ارکان حیدر عباس رضوی اور ابو بکر نے کہاکہ ایم کیوایم حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات میں تمام تر سازشوں اور پروپیگنڈوں کے باوجود عوام کی حمایت سے کامیاب ہوچکی ہے اور پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کرکے کراچی کے عوام کی آنکھیں کھول دی ہیں اور پی ٹی آئی نے ایسا کرکے اپنے پیر پر کھلاڑی نہیں ماری بلکہ کلہاڑی پر پیرا مارا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو جماعتیں کل تک طالبان کو دفنا دینے کے دعوے کررہی ہی آج انہوں نے اتحاد کرکے اپنی کراچی دشمنی واضح کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج سندھ میں وہ بلدیاتی نظام مسلط ہے جو 1850میں گوروں نے بنایا تھا ،موجودہ بلدیاتی نظام غلامانہ ہے اور ہم اس کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ بلدیاتی انتخابات میں جیت کر آئندہ منتخب ہونے والے ایم کیوایم کے میئر کے پاس اختیارات نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم بلدیاتی انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات کی منتقلی کیلئے آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے ۔انتخابی جلسہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست ارکان قومی اسمبلی مزمل قریشی، محترمہ نگہت شکیل اور محترمہ ثمن جعفری نے کہا کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی انتخابات ہوں اس میں جیت کا منبع عوام ہوتے ہیں اور کراچی میں ایم کیوایم کے خلاف جاری آپریشن ، تشدد ، ماورائے عدالت ہلاکتوں اورجیل کی صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود ایم کیوایم اور اس کے کارکنان کے حب الوطنی کے جذبے کو ختم نہیں کیا جاسکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ہی پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر لے کر جائے گی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین پاکستانی عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے ۔ انہوں نے انتخابی جلسہ کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 5دسمبر کو کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں نامزد حق پرست امیدواران کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکرکامیاب بناکر جناب الطاف حسین پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کریں۔