لاڑکانہ میں بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں منعقدہ ایم کیوایم کے جلسہ عام کے پولیس کی جانب سے محاصرے ،منتظمین سے بدتمیزی اور خوف وہراس پھیلانے پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
حکومت سندھ حیدرآباد کے بلدیاتی الیکشن میں ایم کیوایم کی کامیابی سے خوفزدہ ہے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
بلدیاتی الیکشن جمہوریت کی نرسری ہے اور اس کی انتخابی مہم کے دوران طاقت اور وسائل کا استعمال کرنا حکومت سندھ اور جمہوریت پسند حلقوں کیلئے شرمناک عمل ہے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
الیکشن کمیشن آف پاکستان حکومت سندھ اور پولیس کے متعصبانہ رویئے کا نوٹس لے اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔29، اکتوبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بلدیاتی الیکشن 2015ء کے سلسلے میں ایم کیوایم کے زیرا ہتمام لاڑکانہ کے سپنا لان میں منعقدہ جلسہ عام میں پولیس کے محاصرے ، جلسہ گاہ کے منتظمین سے بدتمیزی ، موبائل فون چھیننے اور خوف وہراس پھیلانے کی شدید مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام میں پولیس کی جانب سے رکاوٹ کھڑی کرنا غیر جمہوری اور غیر قانونی عمل ہے اور اس عمل سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت سندھ حیدرآباد کے بلدیاتی الیکشن میں ایم کیوایم کی کامیابی سے خوفزدہ ہے اور ایم کیوایم کے خلاف طاقت اور وسائل کا ناجائز استعمال کررہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن جمہوریت کی نرسری ہے اور اس کی انتخابی مہم کے دوران طاقت اور وسائل کا استعمال کرنا حکومت سندھ اورجمہوریت پسند حلقوں کیلئے شرمناک عمل ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ لاڑکانہ میں ایم کیوایم کو بلدیاتی الیکشن کیلئے جلسہ کرنے سے روکنے کیلئے حکومت سندھ اور پولیس کے متعصبانہ رویئے کا نوٹس لیاجائے اور بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھرنے پر ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔