کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ندیم نصرت
یہ واقعات دہشت گردی کے خاتمہ کے سلسلے میں حکومت اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک سوال ہیں
وقت آگیاہے کہ ہرواقعہ میں ایم کیوایم کاہاتھ تلاش کرنے اورایم کیوایم کو ملو ث کرنے کی روش کوتبدیل کیاجائے
شہرکاامن تباہ کرنے والے اصل عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ آپریشن کامیابی سے ہمکنارہواورشہرمیں حقیقی اوردیرپاامن قائم ہوسکے۔ندیم نصرت
لندن ۔۔۔ 10 ستمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئرڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پرسخت تشویش کااظہارکرتے ہوئے ان واقعات کی شدیدمذمت کی ہے کہ یہ واقعات دہشت گردی کے خاتمہ اورقیام امن کے سلسلے میں حکومت اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک سوال ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یہ امرافسوسناک ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لئے کئے جانے والے ٹارگٹڈآپریشن کے دوران یہ مائنڈسیٹ بنایاگیاکہ کراچی میں ہونے والے ہرواقعہ میں ایم کیوایم ملوث ہے ۔اسی مائنڈ سیٹ کے تحت ہرواقعہ میں ایم کیوایم کاہاتھ تلاش کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ حتیٰ کہ سانحہ صفوراجیسے مذموم واقعہ میں بھی بعض عناصر نے ایم کیوایم کوشک کی نگاہ سے دیکھا لیکن وقت نے ثابت کیاکہ مذہبی انتہاپسنددہشت گردوں کاگروہ ملوث ہے اوراسی گروہ کے دہشت گردوں نے بعدمیں پولیس اہلکاروں کوبھی نشانہ بنایا اور یہی دہشت گرداپنے مذموم مقاصدکے حصو ل کیلئے شہرمیں دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے شہرکے امن کوتباہ کرنے پرتلے ہوئے ہیں ۔ندیم نصرت نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ ہرواقعہ میں ایم کیوایم کاہاتھ تلاش کرنے اورایم کیوایم کو ملو ث کرنے کی روش کوتبدیل کیاجائے اوردہشت گردی کی کارروائیاں کرکے شہرکاامن تباہ کرنے والے اصل عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ ٹارگٹڈآپریشن کامیابی سے ہمکنارہواورشہرمیں حقیقی اوردیرپاامن قائم ہوسکے ۔