حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے صاحبزادے وقاص قریشی کے سفاکانہ قتل میں ملوث دہشت گرد کھلی دہشت گردی پر اترے ہوئے ہیں ، ارکان قومی اسمبلی
شہرکراچی کا سب سے بڑا عوامی مینڈیٹ حاصل ہونے کے باوجود ایم کیوایم کے تحفظات اور مثبت مشوروں پر عمل کرنے کے بجائے الٹا ایم کیوایم کو ہی شہر کراچی کی سنگین صورتحال کا ذمہ دار قرار دینے سے گھناؤنی سازش کی بو محسوس کی جاسکتی ہے، ارکان قومی اسمبلی
سفاک قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں اور عوام کو تحفظ فراہم کیاجائے
کراچی ۔۔۔23، جون 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے صاحبزادے وقاص قریشی کے سفاکانہ قتل میں ملوث دہشت گرد کھلی دہشت گردی پر اترے ہوئے ہیں جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہچانے اور عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کو تحفظ کی فراہمی میں بری طرح سے ناکام ہوچکے ہیں ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک جانب کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں اور کارکنان کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر بیدردی سے قتل کررہے ہیں تو دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھی ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے اور اب تک ایم کیوایم کے 3کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر ذی شعور شخص اس بات کا اندازہ ضرور لگا سکتا ہے کہ ایک منظم منصوبہ بندی اور گھناؤنی سازش کے تحت ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں اور کارکنان کا قتل عام کرایا جارہا ہے اور اس ضمن میں گینگ وار دہشت گرد وں اور جرائم پیشہ عناصر کو بھی کھلی سرپرستی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس تمام صورتحال سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شہر میں ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں ، کارکنان اور اردو بولنے والے عوام سب ہی جان و مال کے عدم تحفظ کا شکار ہیں لیکن ملک کی سلامتی کے ادارے اور حکومت سنجیدگی سے اس تمام صورتحال کا نوٹس لینے ، اس کا سدباب کرنے، دہشت گردوں کے خاتمے ، ایم کیوایم کے خلاف جاری غیر اعلانیہ آپریشن ، اس کے منتخب نمائندوں اور کارکنان کی قتل و غارتگری روکنے اور ایم کیوایم کو انصاف کی فراہمی کوئی ایسے اقدامات تاحال نہیں کئے گئے ہیں جو دیکھائی بھی دیں اور عوام و کارکنان اس سے مطمئن نظر آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم شہر کراچی کا سب سے بڑا عوامی مینڈیٹ رکھتی ہے ، عوامی مینڈیٹ رکھنے کے باوجود شہر کراچی کی سنگین صورتحال پر ایم کیوایم کے تحفظات اور نشاندہیوں اور مفید اور مثبت مشوروں پر عمل کرنے کے بجائے الٹا ایم کیوایم کو ہی متعصبانہ سوچ رکھنے والے افراد کی جانب سے شہر کراچی کی سنگین صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے اور اس عمل سے گھناؤنی سازش کی بو محسوس کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کو حق پرستانہ جدوجہد کی پاداش میں ریاستی جبر اور ظلم اور دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا اور بنایاجارہا ہے اور شہر کے اردو بولنے والے عوام کی بھی ایم کیوایم سے وابستگی کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر بے دریغ نسل کشی کی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی شہید اور ان کے صاحبزادے وقاص قریشی شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار اور شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا کی ۔ حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ،و زیراعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے صاحبزادے وقاص قریشی کے سفاکانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اورایم کیوایم کے منتخب نمائندوں اور کارکنان اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے فی الفور مثبت اقدامات بروئے لائے جائیں ۔