ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس انڈسٹریل اسٹیٹ ہری پور کی نجکاری کے حکومتی فیصلے پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
نجکاری کے فیصلے سے ملازمین میں گہری تشویش پائی جارہی ہے اور وہ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس انڈسٹریل اسٹیٹ ہری پوری کی نجکاری کا حکومتی فیصلہ غیر دانشمندانہ اقدام ہے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
اہم قومی ادارے کی کوڑیوں کے مول فروخت کا فیصلہ فی الفور واپس لیاجائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔24، مئی 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومت کی جانب سے ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس انڈسٹریل اسٹیٹ ہری پور کی نجکاری کے فیصلے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اہم قومی ادارے کی کوڑیوں کے مول فروخت کا فیصلہ فی الفور واپس لیاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس (HEC)ہری پور زون انڈسٹریل اسٹیٹ کے تحت چلنے والا ایک اہم قومی ادارہ ہے اور اس کی نجکاری کے فیصلے سے اس سے وابستہ ملازمین میں گہری تشویش پائی جارہی ہے اور وہ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کے غیر منطقی فیصلے کے خلاف ملازمین کی جانب سے احتجاج بجا ہے لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ ملازمین کے احتجاج کے باوجود حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مزید کہاکہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس انڈسٹریل اسٹیٹ ہری پوری کی نجکاری کا حکومتی فیصلہ غیر دانشمندانہ اقدام ہے اور اس کی نجکاری کا عمل کسی صورت میں بھی ملازمین اور ملک کے مفاد میں ہرگز نہیں ہوسکتا۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخواپرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس انڈسٹریل اسٹیٹ ہری پور نجکاری کا فیصلہ واپس لیکر ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا فی الفور ازالہ کیاجائے ۔