ٹرانسپورٹ برادری تاجراوردکانداراور شام 4 بجے اپنی سرگرمیاں معمول کے مطابق شروع کردیں، رابطہ کمیٹی کی اپیل
یوم سوگ کو کامیاب بنانے پر رابطہ کمیٹی کا ایک ایک فردپاکستان بالخصوص سندھ کے عوام کا شکرگزارہے۔
حکومت سندھ ایم کیوایم کے شہداء کے سفاک قاتلوں کو فی الفور گرفتارکرکے عوام کے سامنے پیش کرے
کراچی۔۔۔6،جون 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کی اپیل پر یوم سوگ کے موقع پر بھرپورتعاون کرنے پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ اداکرتے ہوئے تاجروں،دکانداروں اورٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ شام 4 بجے اپنا کاروبار ، دکانیں اور ٹرانسپورٹ شروع کردیں۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پیپلزامن کمیٹی کے سفاک دہشت گردوں کے ہاتھوں ایم کیوایم کے چارہمدردوں کو بس سے اتارکر اغواء کرنے اور وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناکر قتل کرنے کی واردات کے بعد آج سندھ بھر میں پرامن یوم سوگ منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جس پر بالعموم ملک بھرکے عوام اوربالخصوص سندھ کے عوام نے بھرپورتعاون کرکے یوم سوگ کو کامیاب بنایاجس پرایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کا ایک ایک فرد عوام کا شکرگزارہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کی اپیل پر تاجروں ، صنعتکاروں، دکانداروں ، ٹرانسپورٹرز اورزندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نہ صرف اپنی کاروباری اوردیگرسرگرمیاں بند رکھنے کے اعلانات کئے بلکہ عملی طورپر اپناکاروبار،دکانیں اور ٹرانسپورٹ بند بھی رکھی جس پر ہم تاجروں ، دکانداروں، ٹرانسپورٹرز اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ایک ایک فرد کے دلی شکرگزارہیں۔رابطہ کمیٹی نے حکومت سندھ سے ایک مرتبہ پھر پرزورمطالبہ کیا کہ وہ ایم کیوایم کے شہداء کے سفاک قاتلوں کو فی الفور گرفتارکرکے انہیں عوام کے سامنے پیش کرے اور قانون کے مطابق ان سفاک دہشت گردوں اورقاتلوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ کے شہری اوردیہی علاقوں کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کامیاب پرامن یوم سوگ مناکر قتل وغارتگری اور دہشت گردی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرادیا ہے لہٰذارابطہ کمیٹی، عوام کے گوناگوں مسائل کوسامنے رکھتے ہوئے تاجروں ، دکانداروں اورٹرانسپورٹ برادری سے اپیل کرتی ہے کہ وہ شام 4 بجے اپناکاروبار،ٹرانسپورٹ اوردیگرسرگرمیاں معمول کے مطابق شروع کردیں۔