بورے والا میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیلئے منعقدہ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی جانب سے اے آر وائی نیوز چینل کے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنانے پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
صحافت کے معزز شعبے سے وابستہ فرد تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کرنا کھلی غنڈہ گردی اور بد معاشی ہے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
تشدد میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔6، مئی 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بورے والا میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیلئے منعقدہ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی جانب سے اے آر وائی کے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورکہا ہے کہ صحافت کے معزز شعبے سے وابستہ فرد تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کرنا کھلی غنڈہ گردی اور بد معاشی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اے آر وائی نیوز کے کیمرہ مین کو تشدد کا نشانہ بنانا آزادی صحافت پر قدغن لگانے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم نواز شریف ،و فاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید سے مطالبہ کیا کہ اے آر وائی کے کیمرہ کو بورے والا میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اورتشدد میں ملوث کارکنان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔