کراچی صوبے کا مطالبہ قائدتحریک الطاف حسین نے نہیں بلکہ عوام کی جانب سے کیاگیاہے حق پرست ارکان قومی اسمبلی
گزشتہ شب جناح گراؤنڈ عزیزآبادمیں حقوق سے محروم عوام کی جانب سے کراچی صوبے کے نعرے گونجنے لگے، ارکان قومی اسمبلی
جس پرقائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے کہاگیا کہ کراچی کے عوام اپنے حقوق کیلئے متحد ہوکرکراچی کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں، ارکان قومی اسمبلی
اسی طرح جہاں جہاں لوگ صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں وہاں بھی عوام کی خواہشات اور امنگوں کےمطابق صوبے بنائے جائیں، ارکان قومی اسمبلی
قائم علی شاہ نے عوام کے مطالبے کو الطاف حسین سے منسوب کرکے قوم سے جھوٹ بولا ہے، ارکان قومی اسمبلی
کراچی ۔۔۔25، اپریل2015ء
ایم کیوایم کے حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ جھوٹ بول رہے ہیں، کراچی صوبے کا مطالبہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے نہیں بلکہ حقوق سے محروم عوام کی جانب سے کیاگیا ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں ترجمان نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے بیان جس میں ان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایم کیوایم قائد جناب الطاف حسین کی جانب سے کراچی صوبے کا مطالبہ افسوسناک ہے ،پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ جھوٹ بولنے سے گریز کریں، قائد تحریک جناب الطاف حسین نے ہرگز کراچی صوبے کامطالبہ نہیں کیا۔ گزشتہ شب جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں حقوق سے محروم عوام کی جانب سے کراچی صوبے کے نعرے گونجنے لگے جس پرقائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے کہاگیا کہ کراچی کے عوام میں محرومی بڑھ رہی ہے اوروہ اپنے حقوق کیلئے متحد ہوکر کراچی کو صوبہ بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں اور اسی طرح جہاں جہاں لوگ صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں وہاں بھی عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق صوبے بنائے جائیں۔حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے عوام کے مطالبے کو جناب الطاف حسین سے منسوب کرکے قوم سے جھوٹ بولا ہے ۔