ایم کیوایم کے ذمہ داران اورکارکنان انفرادی اوراجتماعی طورپر اپنے آپ کو خوداحتسابی کے عمل سے گزاریں اور اپنی اصلاح کریں۔الطاف حسین
جوتحریکیں خوداحتسابی کاعمل کرتی ہیں اوراپنی غلطیوں کوتسلیم کرکے ان کی اصلاح کرتی ہیں وہ نہ صرف قائم رہتی ہیں بلکہ اپنے اندر بہتری لاکر ترقی بھی حاصل کرتی ہیں
جہاں اصلاح کی گنجائش ہے وہیں بہتری اور ترقی ہے اورجہاں اصلاح کی گنجائش نہ ہووہاں بہتری اورترقی نہیں ہوسکتی
اناپرستی اورغروروتکبرایسی بیماریاں ہیں جوانسان کوتباہی کی طرف لے جاتی ہیں۔نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگو
لندن ۔۔۔23 مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں اورکارکنوں سے کہاہے کہ وہ انفرادی اوراجتماعی طورپر اپنے آپ کو خوداحتسابی کے عمل سے گزاریں اوراپنی اصلاح کریں کیونکہ اصلاح کے بغیربہتری اورترقی نہیں آسکتی۔ انہوں نے یہ بات بدھ کی شب ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔جناب الطاف حسین نے تحریک میں خوداحتسابی کے عمل کی ضرورت پر ذوردیتے ہوئے کہا کہ جوتحریکیں اپنے اندرخوداحتسابی کاعمل کرتی ہیں اوراپنی غلطیوں کوتسلیم کرکے ان کی اصلاح کرتی ہیں وہ نہ صرف قائم رہتی ہیں بلکہ اپنے اندر بہتری لاکر ترقی بھی حاصل کرتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی انسان غلطیوں اورخامیوں سے مکمل طورپر پاک ،پرفیکٹ یاکامل نہیں ہوتا۔ہرانسان سے غلطیاں اور کوتاہیاں ہوتی ہیں مگریہ انسان کی بشری خامی ہے کہ جب اسے اس کی غلطیوں اورخامیوں کی نشاندہی کی جاتی ہے تووہ انہیں تسلیم کرنے کے بجائے اپنی وضاحتیں کرنے لگ جاتاہے اور وضاحتیں کرکے اپنی اصلاح سے گریزکرتاہے ۔ اس طرح وہ اصلاح سے گریزکرکے دراصل اپنے اندر بہتری اورترقی کا دروازہ بندکردیتاہے ۔ لہٰذااگرغلطیوں اورخامیوں کی نشاندہی کی جائے توہمیں اس کابرامنانے اوراس پر وضاحتیں کرنے کے بجائے ان غلطیوں اور خامیوں کونہ صرف کھلے دل سے تسلیم کرناچاہیے بلکہ ان کی اصلاح بھی کرناچاہیے ۔جناب الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں اورکارکنوں سے کہاکہ آپ کوچاہیے کہ آپ اپنی غلطیوں کوتسلیم کرکے اپنی اصلاح کریں کیونکہ اصلاح کاعمل کرکے ہی ہم اپنے آپ کو ہزاروں غلطیوں سے پاک کرسکتے ہیں ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں ہمیشہ کہتارہاہوں کہ انسان کویہ سمجھناچاہیے کہ انسان کے اندرقدرت نے یہ صلاحیت رکھی ہے کہ اگراس صلاحیت کو انسان جان لے تووہ اپنی اصلاح باآسانی کرسکتاہے۔