جن جماعتوں کا کراچی میں مینڈیٹ نہیں وہ سازشی منصوبہ بندی کے تحت کراچی میں دھاندلی کے جھوٹے الزامات ایم کیوایم پر عائد کر رہی ہے، وسیم آفتاب
اپنا احتجاج اس وقت تک ریکارڈ کراتے رہیں گے جب تک انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کر دیا جاتا، خوش بخت شجاعت
این اے 250، پی ایس 112، پی ایس 113 پر دوبارہ الیکشن کرانے کے مطالبے کے حق میں ایم کیوایم کے زیر اہتمام الیکشن کمیشن سندھ کی عمارت کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب نے کہا ہے کہ جن سیاسی و مذہبی جماعتوں کا مینڈیٹ کراچی میں نہیں ہے اور عوام انہیں ماضی کی طرح حالیہ انتخابات میں بھی بری طرح سے مسترد کرچکے ہیں وہ منظم سازشی منصوبہ بندی کے تحت کراچی میں دھاندلی کی ذمہ داری ایم کیوایم پر عائد کررہی ہیں جبکہ پولنگ کے دن پولنگ اسٹیشنوں پرانتخابی عملہ ، میٹریل اور دیگر انتخابی ذمہ داریوں میں بد انتظامی اور بد امنی کی مجرمانہ غفلت میں کون ملوث ہے اسے ہر ذی شعور شخص بخوبی سمجھ سکتا ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ شب الیکشن کمیشن آف سندھ کے دفتر کے باہر اے این 250، پی ایس 112اور پی ایس 113میں 180پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ الیکشن کرنے کے مطالبے کے حق میں دیئے گئے ایم کیوایم کے احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز انیس احمد خانی، محترمہ نسرین جلیل ، رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین ، حلقہ 250پر نامزد ایم کیوایم کی امیدوار محترمہ خوش بخت شجاعت ، پی ایس 112کی نشست پر نامزد ایم کیوایم کے امیدوار علی راشد ، پی ایس 113کی نشست پر نامزد ایم کیوایم کے امیدوار حافظ محمد سہیل کے علاوہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والے دیگر حق پرست نامزد امیدواران برائے قو می و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے ۔ دھرنے کے شرکاء نے این اے 250، پی ایس 112، پی ایس 113پر دوبارہ الیکشن کے حق میں مطالبات پر مشتمل پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے اور وہ ’’ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ‘‘’’نامنظور نامنظور دھاندلی نامنظور ‘‘’’قائد تیرے نام پہ جان بھی قربان ہے ‘‘’’نعرہ الطاف جئے الطاف ‘‘ اور دیگر نعرے پرجوش انداز میں لگا رہے تھے ۔ دھرنے کے شرکاء میں خواتین اور بچوں کی بھی تعداد موجود ہے جبکہ بزرگ بھی کھلی انتخابی دھاندلی پر سراپا احتجاج دکھائی دیئے ۔ وسیم آفتاب نے کہاکہ ایم کیوایم جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے ، ہمیں آپریشن کی دھونس دھمکی ، سازشوں کے ذریعے جمہوری حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا ۔ملک میں ہمیشہ مفادات کی سیاست کرنے والی جماعتوں نے پاکستان کے دو ٹکڑے کئے اور ان جماعتوں کے پاس تعصب اور تنگ نظری کے سوا کچھ نہیں ۔ انہوں نے ہمیشہ ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو چھیننے کی سازش کی گئی ، پورے ملک کو چھوڑ کر کراچی میں حلقہ بندیاں کی گئیں ، جن کا مینڈیٹ کراچی میں نہیں ان کے مطالبے پر فوج کی نگراں میں تصدیق کا کام کرایا گیا ہم پھر بھی خاموش رہے مگر ایم کیوایم کے ساتھ ناانصافیوں اور کھلی دھاندلیوں پر مفادات کی خاطر آج سب ایک زبان ہوگئے ہیں ۔ یہ دھرنا جب تک جاری رہے گا جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوجاتے ۔دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے این اے 250کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار محترمہ خوش بخت شجاعت نے کہا کہ ایم کیوایم نے حلقے میں عوام کو متحدکیا ،فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جبکہ جناب الطاف حسین این اے 250کی نشست پر بھی ایک خاتون کو ٹکٹ دے کر کامیاب کرایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں نام نہاد سیاسی ومذہبی جماعتیں چور ی چھپے خواتین کو ووٹ کا حق نہ استعمال کرنے کے معاہدے کرتی ہیں جبکہ جناب الطاف حسین نے خواتین پر ظلم و ستم کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این اے 250میں الزام لگایا جاتا ہے کہ ہم نے دھاندلی کی جبکہ بیلٹ باکسز مخالفین کی گاڑی میں تھے ہمارا پرامن اور جمہوری ہے ، ہم اسی طرح یکجا ہوکر اپنا احتجاج اس وقت تک ریکارڈ کراتے رہیں گے جب تک انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کردیاجاتا ۔