ایم کیوایم موروثی ، جاگیردارانہ سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے ، حیدرآباد میں غریب کسانوں ہاریوں کیلئے سکول اور خواتین کیلئے یونیورسٹیاں بناکردکھائیں گے ، الطاف حسین
حیدرآباد۔۔۔یکم ،مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم حیدرآباد میں غریب کسانوں، ہاریوں کیلئے اسکول ، خواتین کیلئے یونیورسٹیاں بنا کر دکھائے گی ۔ حیدرآباد میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پکا قلعہ گراؤنڈ میں ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ملک سے موروثی ، جاگیردارانہ ، وڈیرانہ سیاست ، بے لگام سرمایہ دارانہ نظام کی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے اور اس کا خاتمہ کرکے پاکستان میں غریب عوام کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام غریب و متوسط طبقے کی جماعت ایم کیوایم کو بھی آزمالیں انشاء اللہ ایم کیو ایم ملک کے عوام کو مایوس نہیں کریگی ، ایم کیوایم اقتدار میں آکر گلی گلی بلدیاتی نظام ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر قائم کرے گی ۔ بلدیاتی نظام میں حیدرآباد اور کراچی میں کتنے ترقیاتی کام ہوئے ، مصطفی کمال کا شمار دنیا کے تین بہترین میئرز میں قرار دیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم حیدرآباد میں انڈسٹریل ہوم بھی بنائے گی جس میں خواتین کڑھائی ، کپڑے سینے کے ہنر سیکھیں گی اور حق و ہلال روزی کمائیں گی ۔