بم دھماکے سے ایم کیو ایم کے کارکنان کی شہادت پر مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکریٹری مشاہد حسین سید سمیت مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا شدید اظہار مذمت
ایم کیو ایم کے مرکز فون کرکے رابطہ کمیٹی سے کارکنان کی شہادت پر تعزیت و اظہار افسوس
کراچی ۔۔۔۔۔24اپریل2013
پاکستان مسلم لیگ (ق) سمیت مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے گذشتہ روز ایم کیو ایم کے انتخابی دفتر کے قریب بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس طرح کے واقعات کوکھلی دہشت گردی اور ملک میں ہونے والے انتخابات کوسبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا ہے اور ایم کیو ایم کے مرکز خورشید بیگم سیکریٹریٹ فون کرکے ایم کیو ایم کے کارکنان کی شہادت پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکریٹری مشاہد حسین سید ،سندھ کے صدر علیم عادل شیخ، ،تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ رحیق عباسی ، ہزارہ قبیلے کے سردار مہدی موسیٰ، سنی تحریک کے رہنماء مطلوب اعوان اور عوامی تحریک کے رہنماء علی اوسط سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کارکنان کی شہادت پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کراچی سمیت ملک بھر میں ہونے والے بم دھماکوں کے واقعات کو ایک سوچی سمجھی سازش کا شاخسانہ قرار دیا ہے اور اس طرح کے واقعات کو آزاد اور شفاف انتخابات کے لئے غیر موزوں قرار دیتے ہوئے ان واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔