متحدہ قومی موومنٹ کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل نے کثرت رائے سے وسیم اختر کو انچارج منتخب کرلیا
کونسل کے ارکان نے خفیہ رائے شماری کے ذریعہ سی ای سی کے انچارج کا تعین کیا
سینئر رہنما طارق جاوید اور سید امین الحق رائے شماری کے نتیجے میں دوسرے اورتیسرے نمبر پر آئے
سی ای سی ایم کیوایم کے آئین کی تشکیل نو بھی کرے گی، الطاف حسین
کراچی ۔۔۔ 29 مارچ 2015 ء
متحدہ قومی موومنٹ کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل(CEC)کے ارکان نے خفیہ رائے شماری کے ذریعہ سابق رکن قومی اسمبلی وسیم اخترکوکثرت رائے سے سی ای سی کا انچارج منتخب کرلیا ہے جبکہ ایم کیوایم کے سینئر رہنما طارق جاوید اور سید امین الحق رائے شماری کے نتیجے میں دوسرے اورتیسرے نمبر پر آئے ۔ یہ اعلان جناب الطاف حسین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں ایم کیوایم لیاقت آباد اور فیڈرل بی ایریا کے ذمہ داران اور کارکنان کے اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کی حیثیت ایم کیوایم کی پارلیمنٹ کی سی ہے جس کے ارکان کا تعلق پورے پاکستان سے ہوگا۔ یہ کونسل ایم کیوایم کے آئین کی تشکیل نو اور اس میں ترمیم کے ساتھ ساتھ قانون سازی بھی کرے گی ۔ جناب الطاف حسین نے سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج وسیم اختر کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر میں حق پرستانہ پیغام کے فروغ کیلئے سی ای سی کو مزید مؤثر اور فعال بنائیں اور محنت ولگن سے کام کرکے ملک بھر میں تنظیمی امور کو مزید بہتر بنائیں۔