ملک ریاض کی جانب سے ایم کیوایم کے تین سو شہداء کے لواحقین کیلئے پلاٹ پر اپنی جانب سے کنٹرکشن کرانے اور حیدرآباد شہر کیلئے پینے کے صاف پانی کے منصوبے پر عملدرآمد کرانے کا اعلان
حیدرآباد: ۔۔۔30، جنوری 2015ء
حیدرآباد میں الطاف حسین کے نام سے منسوب یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بحریہ ٹاؤن کے سربراہ ملک ریاض کی جانب سے ایم کیوایم کے تین سو شہداء کے لواحقین کیلئے دئیے جانے والے پلاٹس پر اپنی جانب سے کنٹرکشن کرانے اور حیدرآباد شہر کیلئے پینے کے صاف پانی کے منصوبے پرعملدرآمد کرانے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر ملک ریاض نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ سارے کام اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہت کم وقت میں مکمل ہوجائیں گے، ہمارا پروگرام صرف یونیورسٹی بنانے کا تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے ہاسٹل ، اسکول اور کالج کیلئے بھی زمین دیدی ، بھیک ہم کسی سے ایک روپیہ بھی نہیں لیں گے کیونکہ فلاحی ادارے بھیک سے نہیں چلتے ۔ جناب الطاف حسین نے ملک ریاض کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کے رزق اور کاروبار میں اضافہ اور برکت عطا فرمائے ۔