آل پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنماء احمد رضا قصوری کا الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ
سہیل احمد کا سفاکانہ قتل سراسر ظلم ہے اور ہم اس ظلم کے خلاف ہرسطح پر آوازبلند کریں گے، احمد رضاقصوری
پاکستان ، مسلمانان ہند کی 200 برسوں کی قربانیوں کا ثمر ہے ،احمد رضا قصوری
بانیان پاکستان کی اولادوں کا سفاکانہ قتل انتہائی افسوسناک ہے، احمد رضا قصوری
آپ واحد سیاسی رہنماء ہیں جنہوں نے اظہار تعزیت کرکے ہمارادکھ بانٹا، الطاف حسین
ایم کیوایم کے گرفتارکارکنان کے قتل کے مسلسل واقعات پر ارباب اختیار کی مسلسل خاموشی ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کررہی ہے کہ شائد ہمارے بزرگوں نے پاکستان بناکر بہت بڑا جرم کرلیا ہے، الطاف حسین
لندن۔۔۔27، جنوری2015ء
آل پاکستان مسلم لیگ کے سینئربیرسٹر رہنماء احمد رضا قصوری نے ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ایم کیوایم کے یونٹ انچارج سہیل احمدکے سفاکانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا ۔جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے احمد رضا قصوری نے کہاکہ سہیل احمد کا سفاکانہ قتل سراسر ظلم ہے اور ہم اس ظلم کے خلاف ہرسطح پر آوازبلند کریں گے۔ جناب الطاف حسین نے احمد رضاقصوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آپ واحد سیاسی رہنماء ہیں جنہوں نے اظہار تعزیت کرکے ہمارادکھ بانٹا۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے گرفتارکارکنان کے قتل کے مسلسل واقعات پر ارباب اختیار کی مسلسل خاموشی ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کررہی ہے کہ شائد ہمارے بزرگوں نے پاکستان بناکر بہت بڑا جرم کرلیا ہے ۔احمد رضا قصوری نے کہاکہ پاکستان ، مسلمانان ہند کی 200 برسوں کی قربانیوں کا ثمر ہے اور بانیان پاکستان کی اولادوں کا سفاکانہ قتل انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے جناب الطاف حسین ، ایم کیوایم کے تمام کارکنان اور سہیل احمد شہید کے سوگوارلواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ مایوس نہ ہوں اور صبر کریں ، انشاء اللہ آپ کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔