ایم کیوایم کے 29ویں یوم تاسیس کے مرکزی جلسہ عام کے سلسلے میں میر پور خاص میں بڑی ریلی نکالی گئی ،
ہندو برادری کا اجلاس منعقد ہوا اور زونل انچارج و اراکین نے ذمہ داران وکارکنان سے ملاقاتیں اور کارکنوں سے میٹنگ کی
ریلی شہر کی مصروف شاہراہوں اور رہائشی علاقوں سے گزرتی ہوئی گاما اسٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوئی
ہندو برادری کے اجلاس میں سرکردہ افراد کو ایم کیوایم کے یوم تاسیس کے مرکزی جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی گئی
میر پور خاص میں ایم کیوایم کے یوم تاسیس کے مرکزی جلسہ عام کے انعقاد کا اعلان میر پور خاص کے ایک ایک ذمہ دار، کارکن اور عوام کیلئے باعث فخر ہے ، سی ای سی رکن پونجو مل ایڈووکیٹ
میر پور خاص۔۔۔12، مارچ2013ء
قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے 18مارچ 2013ء کو ایم کیوایم کے 29ویں یوم تاسیس کا مرکزی جلسہ عام میر پور خاص میں منعقد کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی ایم کیوایم میر پور خاص زون کے مختلف سیکٹروں کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں نوجوانوں ،بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ یہ ریلی ایم کیوایم میر پور خاص زون کے میر پور خاص سٹی سیکٹر A، سیکٹر Cاور سیکٹر Dکے تحت نکالی گئی جو سینکڑوں گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور سوزوکیوں پر مشتمل تھی ، ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں ایم کیوایم کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ پرجوش انداز میں فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے ۔ ریلی شہر کی مصروف شاہراہوں اور رہائشی علاقوں سے گزرتی ہوئی گاما اسٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوئی ۔ ایم کیوایم کے 29یوم تاسیس کے مرکزی جلسہ عام کے سلسلے میں ایم کیوایم میر پور خاص زون کے انچارج فرید احمد خان ، جوائنٹ زونل انچارج احمد رضا خان اور زونل ممبر عارف لالہ نے میر پور خاص سیکٹر Bکے انچارج واراکین اور یونٹ انچارجز سے ملاقات کی جبکہ اسی طرح میر پور خاص زون کے جوائنٹ انچارج عارف مہاجر اور رکن اعجاز احمد نے کارکنوں سے میٹنگ کی اور جلسہ عام کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ دریں اثناء ایم کیوایم میر پور خاص زون کے تحت گزشتہ روز بلدیہ کمپلیکس میں ہندو برادری کے سرکردہ افراد کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن پونجو مل ایڈووکیٹ ، متحدہ سوشل فورم کے رکن سنجے پاروانی ، حق پرست رکن صوبائی اسمبلی ہرگن داس آہوجا ، سابق حق پرست رکن قومی اسمبلی دیوداس اور ایم کیوایم میر پور خاص زون کے جوائنٹ سیکٹر انچارج احمد رضا خان اور اراکین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ہندو برادری کے سرکردہ افراد سے گفتگو کرتے ہوئے پونجومل ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایم کیوایم ملک کی تمام اقلیتوں کا کھلے دل سے احترام کرتی ہے اور انہیں برابر کا پاکستانی تصور کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے 29ویں یوم تاسیس کے موقع پر میر پور خاص میں مرکزی جلسہ عام کے انعقاد کا اعلان میر پور خاص کے عوام سے جناب الطاف حسین کے دلی لگاؤ اور محبت کا ثبوت ہے جس پر میر پور خاص کے ایم کیوایم کے ذمہ دار ، کارکن اور عوام کو فخر ہے ۔ انہوں نے ہندو برادری کے سرکردہ افراد کو میر پور خاص میں 18مارچ2013کو منعقد ہونے والے ایم کیوایم کے 29ویں یوم تاسیس کے مرکزی جلسہ عام میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔