درندہ صفت دہشت گردوں نے ملک بھر میں وحشت اور بربریت کا بازار گرم کیا ہوا ہے ، الطاف حسین
عوام حکومت اور مسلح افواج سب کو ملکر دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہوگا
بم دھماکے میں شہید افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار
لندن۔۔۔9، مارچ2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پشاور کے مینا بازار میں واقع مسجد میں بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ معصوم اور بے گناہ افراد کے خون سے ہولی کھیلنے والے درندہ صفت دہشت گرد وں نے ملک بھر میں وحشت اور بربریت کا بازار گرم کیا ہوا ہے جس کے باعث عوام کی جان ومال مکمل طور پر عدم تحفظ کا شکار ہو کر رہ گئی ہے اور یہ نازک ترین صورتحال ملک بھر کے پرامن اورمحب وطن عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی عوام سانحہ کوئٹہ کیرانی روڈ اور علمدارروڈ سمیت کراچی عباس ٹاؤن کے ہولناک واقعات کے غم اور دکھ سے باہر نہیں نکلے تھے کہ دہشت گردوں نے پشاور کے مینابازار مسجد میں اپنی مذموم اور ملک دشمن کارروائی کرکے مزید معصوم اور بے گناہ افراد کو خاک و خون میں نہلا دیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ملکی سطح پر اتفاق رائے ضروری ہے اورعوام ، حکومت اور مسلح افواج سب کو ملکر دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہوگا۔انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور شہدء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زردای ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ پشاورمینار بازار میں بم دھماکے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے اور بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔