متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کی جانب سے رکنیت سازی مہم آغاز کردیا گیا
مہم کا پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے خیر مقدم، ۲۲ شہروں میں رکنیت سازی کیلئے زبردست جوش و خروش
مرد و خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اعلامیہ ایم کیو ایم امریکہ
(شکاگو ) ۲۵ نومبر ۲۰۱۴:
متحدہ قومی موومنٹ ۔ مضبوط پاکستان کی ضمانت\"کے عنوان سے امریکہ بھر میں ایم کیو ایم کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ امریکہ کے ۲۲ شہروں میں رکنیت سازی مہم بھر پور انداز میں جاری ہے جس میں ایم کیو ایم کے ہمدردوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین، بزرگ اور نوجوان گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور قائدِ تحریک جناب الطاف حسین کے فکر و فلسفہ سے متاثر ہو کر متحدہ قومی مومنٹ میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام ہی شہروں میں بھرپور جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کی جانب سے رکنیت سازی مہم کا آغاز اعلان کے مطابق ۲۲ نومبر ۲۰۱۴ سے کردیا گیاہے اس سلسلے میں مختلف ریاستوں کے ۲۲ شہروں کے ذمہ داروں وکارکنان کی جانب سے کیمپس لگائے جارہے ہیں جبکہ مہم کی کامیابی کیلئے اراکینِ سینٹرل کمیٹی، چیپٹرز انچارجز و اراکینِ چیپٹرز کمیٹی، زمہ داران و کارکنان کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھر پور انداز میں جاری ہے۔ رکنیت سازی کیلئے قائم کردہ کیمپوں اور ملاقاتوں میں پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کو درپیش مسائل خصوصاََ مذہبی انتہا پسندی، پاکستان میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ نظام اور اس سے نجات کیلئے جاری ایم کیو ایم کی طویل جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ حق پرستی کی اس تحریک میں عملی جدوجہد میں شمولیت کی دعوت بھی دی جارہی ہے جسے پاکستانی کمیونٹی میں بھرپور پزیرائی مل رہی ہے۔