ایم کیوایم کے رکنیت سازی مہم کے کیمپ پر بم سے حملہ کی ذمہ داری قبول کرنے والے طالبان جماعت الا حراراورجنداللہ کے خلا ف سخت کارروائی کی جائے، وفاقی و صوبائی حکومت سے رابطہ کمیٹی لندن کا مطالبہ
طالبان کا گروپ اس سے قبل بھی ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی کے قتل ، دفاتر پر حملوں اور دہشت گردیکی دیگر کارروائیوں کی ذمہ دارای قبول کر چکے ہیں، رابطہ کمیٹی لندن
معصوم وبے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے ان سفاک دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے ،رابطہ کمیٹی لندن
لندن۔۔22نومبر 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی لندن نے وفاقی وصوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤ ن میں ایم کیوایم کے رکنیت سازی مہم کے کیمپ پر بم سے حملہ کی ذمہ داری قبول کرنے والے طالبان جماعت الا حرار او رجنداللہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی لندن کے ارکان نے کہا کہ طالبان کا جماعت الا حرار گروپ ،جند اللہ اور لشکر جھنگوی اس سے قبل بھی ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی کے قتل ، دفاتر پر حملوں اور دہشت گردی کی دیگر کارروائیوں کی ذمہ دارای قبول کر چکے ہیں ۔ ان کارروائیوں میں ایم کیوایم کے کارکنان او رمتعدد دیگر معصوم وبے گناہ شہری شہید ہوچکے ہیں لہٰذا معصوم وبے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے ان سفاک دہشت گردوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور ان کا قلع قمع کیا جائے ۔