جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کی جانب سے تھر کے قحط متاثرین کیلئے جاری طبی و امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے ،معاون رابطہ کمیٹی وسیم اختر
تھر کے عوام کے ساتھ گزشتہ کئی دہائیوں سے حکمراں جماعت نے بے حسی کا رویہ اختیار کررکھا ہے، وسیم اختر
تھر کی سنگین صورتحال پر خصوصی پیکیج کا اعلان کیاجائے ، دیگر صوبائی حکومتیں بھی تھر میں قحط کی صورتحال پر بھر پور تعاون کریں ، وسیم اختر
چھاچھرو میں قحط متاثرین کی طبی و امدادی سرگرمیوں کے تیسرے روز کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو
تھر/چھاچھرو۔۔۔11نومبر2014ء
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے معاون وسیم اختر نے کہا ہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کی جانب سے تھر کے قحط متاثرین کیلئے جاری طبی و امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے ، اب روزانہ کی بنیاد پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کے طبی وامدادی کیمپ تھر کے مختلف تعلقوں میں قائم کئے جائیں گے اور متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان میں غذائی اجناس اور امدادی سامان تقسیم کیاجاتا رہے گا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے تھر کے قحط سالی سے متاثرہ افراد کی امدادی سرگرمیوں کے تیسرے روز چھاچھرو میں قائم کئے گئے طبی و امدادی کیمپ پر میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین اشفاق منگی،عبد الحسیب ،افتخار اکبر رندھاوا ، معاون رابطہ کمیٹی وسیم اختر ،غازی صلاح الدین ،حق پرست اراکین اسمبلی سنجے پروانی ،ڈاکٹر فوزیہ حمید ،نکہت شکیل ،پنجومل،ڈاکٹر ظفر کمالی،راشد خلجی ،صابر قائمخانی سمیت ایم کیو ایم سندھ تنظیمی کمیٹی کے اراکین اور شعبہ خواتین کی ارکان بھی موجود تھیں جو کیمپ پر طبی و امدادی سرگرمیوں میں بھر پور انداز میں حصہ لے رہے تھے ۔ وسیم اختر نے کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین تھر کی صورتحال پر انتہائی فکر مند ہیں اور ہمیں ان کی جانب سے واضح ہدایت ہے کہ تھر کے قحط متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن قحط متاثرین کے علاج معالجے اور طبی سہولیا ت کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں چھوڑیگا اور جو کچھ ایم کیو ایم سے ممکن ہوا وہ کیاجائے گا۔ایک سوال کے جواب میں وسیم اختر نے کہا کہ انتہائی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ سندھ کے مالک ہونے کے دعویداروں نے سندھ کے عوام کا برا حال کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے عوام کے ساتھ گزشتہ کئی دہائیوں سے حکمراں جماعت نے بے حسی کا رویہ اختیار کررکھا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں جس طرح حکومت چلائی جارہی ہے ایسے حکومتیں نہیں چلا کرتیں اگر عوام نے مینڈیٹ دیا ہے تو انکی خدمت کرنا حکمرانوں کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کرچکے ہیں کہ تھر کی سنگیں صورتحال پر نظر کرم کی جائے سنگین اور بگڑتی ہوئی صورتحال پرخصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے کیونکہ یہاں مسئلہ انسانی جانوں کا ہے ساتھ ہی ہم باقی صوبائی حکومتوں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں صوبہ سندھ پاکستان کے ریونیوں کا 70فیصد حصہ دیتا ہے اب صوبائی حکومتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ تھر میں قحط کی صورتحال پر بھر پور تعاون کریں۔