محمد علی سوسائٹی ایجوکیشنل کے روح رواں اور لال قلعہ گرامر اسکول کے مالک علی حیدر کی بہیمانہ شہادت پر الطاف حسین کا اظہارِ تعزیت
علی حیدر کی شہادت فرقہ وارانہ فسادات کی سازش ہے ، الطاف حسین
علی حیدر شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار
علی حیدر کی شہادت کا نوٹس لیا جائے ، قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے
لندن :۔۔۔ 9، جنوری 2013ء
متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے محمد علی سوسائٹی ایجوکیشنل کے روح رواں اور لال قلعہ گرامر اسکول کے مالک علی حیدر کی شہادت پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے علی حیدر کی شہادت کو فرقہ وارانہ فسادات کی سازش قراردیا اور کہاکہ دہشت گردایک منظم منصوبہ بند ی کے ذریعے شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کیلئے بے گناہ معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ علی حیدر کی شہادت کا نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قر ار واقعی سزاد ی جائے ۔ جناب الطاف حسین نے علی حیدر کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے ۔(آمین)
علی حیدر کی شہادت میں ملوث دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ، رابطہ کمیٹی
محمد علی ایجوکیشنل سوسائٹی کے روح رواں اور لال قلعہ گرامر اسکول کے مالک علی حیدر شہید کے بہیمانہ قتل پر اظہار مذمت
علی حیدر شہید کی نما زجنازہ اور تدفین میں رابطہ کمیٹی کے رکن واسع جلیل ، ذمہ داران ، کارکنان اور شہید کے عزیز و اقارب کی شرکت
کراچی ۔۔۔09، جنوری2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے محمد علی ایجوکیشنل سوسائٹی کے روح رواں اور لال قلعہ گرامر اسکول کے مالک علی حیدر شہید کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ علی حیدر شہید کا بہیمانہ قتل شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی گھناؤنی سازش کا تسلسل ہے اورجو سفاک دہشت گرد علی حیدر کی شہادت میں ملوث ہیں وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ رابطہ کمیٹی نے علی حیدر شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ،و زیراعظم راجہ پر ویز اشرف ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ علی حیدر شہید کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اورشہر میں فرقہ وارانہ قتل و غارتگری میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔ دریں اثناء علی حیدر شہید کو وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ شہید کی نما زجنازہ انچولی امام بارگاہ میں ادا کی گئی ۔ نما زجنازہ اور تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن واسع جلیل ، ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین ، فیڈرل بی ایریا سیکٹر کمیٹی کے ارکان ، یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہید کے عزیز واقارب نے شرکت کی ۔
ایم کیو ایم برطانیہ کا تحریک منہاج القرآن کے مرکزی آفس مانچسٹر کا دورہ
ملک میں صحیح معنوں میں جمہوریت کے قیام کیلئے تحریک منہاج القرآن کے ساتھ ہے ، ایم کیوایم برطانیہ
فرسودہ نظام میں تبدیلی کی جدوجہد میں ایم کیو ایم کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں، تحریک منہاج القرآن
لندن۔۔۔09 جنوری2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ برطانیہ کے ایک وفد نے مانچسٹر میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی دفتر کا دورہ کرکے تحریک منہاج القرآن کے صدر عتیق بٹ ، سیکریٹری جنرل شاہد کلیم ،فنانس سیکریٹری محمد سعیداور دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی ۔وفد میں ایم کیو ایم برطانیہ کے آرگنائزر ڈاکٹر سلیم دانش، جوائنٹ آرگنائزر فیض احمد، ارکان ڈاکٹر سرور ، منشا خان، ایم کیو ایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے رکن اورسابق ٹاؤن ناظم سائٹ اظہار احمد خان ایم کیو ایم مانچسٹر یونٹ کے انچارج حفیظ احمداور دیگر کارکنان بھی شامل تھے۔ملاقات میں پاکستان کی سیاسی صورتحال تحریک منہاج القرآن کے 14 جنوری کو ہونے والے لانگ مارچ اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بھی گفتگو کی ۔ ایم کیوایم کے ذمہ داران نے تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تمام خرابی کی جڑ ملک وقوم پر مسلط فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور بے لگام سرمایہ دارانہ نظام ہے ۔جب تک ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام اور کرپٹ سیاسی کلچر کا خاتمہ نہیں ہوجاتا پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ، قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت میں ملک میں غریب ومتوسط طبقہ کی قیادت کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے اور ملک میں صحیح معنوں میں جمہوریت کے قیام کیلئے تحریک منہاج القرآن کے ساتھ ہے ۔تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے پاکستان کے فرسودہ نظام میں تبدیلی کی جدوجہد میں ایم کیو ایم کی جانب سے بھرپور حمایت اور تعاون پر وفد کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔
لانگ مارچ کے شرکاء کے لئے سردی اور بارش سے بچاؤ کے لئے گرم کپڑوں اور کمبلوں سے بھرے دوکنٹینرز پاکستان بھجوا دئیے گئے ، ایم کیو ایم امریکہ
لانگ مارچ کے لئے جاری مہم میں امریکہ کے سینکٹروں کارکنان اور رضا کار شریک ہیں
واشنگٹن ڈی سی :۔۔۔9جنوری 2013ء
ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے 14جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ کے شرکاء کیلئے ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کی اپیل پر سردی اور بارش سے بچاؤ کیلئے گرم کپڑوں اور کمبلوں سے بھرے کنٹینرز پاکستان روانہ کر دئیے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے لانگ مارچ کے شرکاء کو سخت سردی سے محفوظ رکھنے کے لئے فوری طور پر دو کنٹینرز بھجوائے گئے ہیں جس میں بہت بڑی تعداد میں گرم کپڑے ، کمبل،گرم ٹوپیاں، چھتری اور برساتیاں شامل ہیں ۔ امریکہ کے اٹھارہ سے زائد شہروں میں لانگ مارچ کے لئے نقد عطیات اور ضروری امدادی سامان جمع کرنے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ ایم کیو ایم امریکہ کی جانب سے لانگ مارچ کی کامیابی کے لئے جاری مہم میں ایم کیو ایم کے سینکڑوں کارکنان ، ہمدرد اور رضا کار دن رات شریک ہیں جو پاکستانی برادری سے رابطے کر کے لانگ مارچ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کر رہے ہیں۔امریکہ کے مختلف شہروں میں پاکستانی برادری کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں جہاں لانگ مارچ کے حوالے سے فنڈ ریزنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔دریں اثنا لانگ مارچ کے لئے امریکہ میں جاری مہم کا جائزہ لینے کے لئے ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگراں عباد الرحمان، سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت سینٹرل کمیٹی کے اراکین ارشاد کمالی، توصیف خان، وسیم زیدی، ثاقب محی الدین، علی حسن، عامر قاضی، گل محمد، محمد ظہیر، وکیل جمالی، اسد صدیقی نے شرکت کی۔ عباد الرحمان نے لانگ مارچ کی کامیابی کیلئے ایم کیو ایم امریکہ کے کارکنان کی انتھک محنت اور لگن پر ان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی 32سالہ جدوجہد کے نتیجے میں آج پاکستان عوامی انقلاب کے دہانے پر کھڑا ہے اور اس کا سہرا قائد تحریک جناب الطاف حسین کی سچی اور مخلص قیادت کے سر جاتا ہے۔سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ تمام یونٹوں کا دورہ کریں اور وہاں جاری مہم کا از خود جائزہ لیں ۔ انہوں نے کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاقت، دھونس اور دھمکی سے اب عوامی انقلاب کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ 14جنوری پاکستان کے عوام کا دن ہے اور اس دن عوام کی پارلیمینٹ پاکستان سے جاگیردارانہ، وڈیرانہ اور سر مایہ دارانہ نظام کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر دیگی۔آخر میں اجلاس کے شرکاء نے لانگ مارچ اور پاکستان میں انقلاب کی کامیابی کیلئے دعا کی۔
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سیف یار خان کی دیگر ذمہ دران کے ہمراہ مقامی اسپتال جا کرمعروف کالم نگار منو بھائی کی عیادت
قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے گلدستہ پیش کیا اور خیریت دریافت کی
لاہور:۔۔۔09، جنوری2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی قائد الطاف حسین کی ہدایت پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سیف یار خان نے پنجاب کمیٹی کے رکن کامران اختر ، لاہور زون کے انچارج ملک وسیم اور دیگر ذمہ دران کے ہمراہ لاہور کے مقامی اسپتال جا کرمعروف کالم نگار منو بھائی کی عیادت کی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے گلدستہ پیش اورخیریت دریافت کر تے ہوئے انکی جلد ومکمل صحتیابی کے لئے دعا کی ۔اس مو قع پر منو بھائی نے ایم کیوایم کے قائد جناب الطا ف حسین کی جانب سے گلد ستہ پیش کرنے اور خیریت دریافت کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن کے ادارکار شجاعت ہاشمی ،حامد رانا( سونا) اورشیبا ارشد( چاندی) بھی موجود تھے ۔
حق پرست عوام وکارکنان محترمہ شمیم اخترکی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعاکریں،الطاف حسین کی اپیل
لندن :۔۔۔ 9، جنوری 2013ء
متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم شعبہ اطلاعات ویڈیوسیکشن کے جوائنٹ انچارج عاشراسماعیل کی والدہ محترمہ شمیم اخترکی علالت پرگہری تشویش کااظہارکیاہے اوران کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعاکی ہے۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے حق پرست عوام ماؤں،بہنوں، بزرگوں اورنوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضورعاشراسماعیل کی والدہ محترمہ شمیم اخترکی جلدمکمل صحت یابی کیلئے دعاکریں۔
*****