جماعت اسلامی اور اس کے رہنما ابھی تک کراچی کے عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے زخم چاٹ رہے ہیں، سیکٹر انچارجز
کراچی ۔۔۔30، اکتوبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کراچی کے سیکٹر انچارجز نے ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے ایم کیوایم پر بلاجواز ،جھوٹے الزامات عائد کرنے اور ایم کیوایم کیلئے حقائق کے برخلاف زہریلا پروپیگنڈہ کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور اس کے رہنما ابھی تک کراچی کے عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے زخم چاٹ رہے ہیں اور ان کی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف زہر اگل کر دراصل اپنے زخموں پر مرہم رکھنے کا عمل کیاجاتا ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں ایم کیوایم کے چاہنے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جو جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو ہضم نہیں ہورہی ہے اور وہ کراچی میں ایم کیوایم پر وہی برسوں پرانے ، جھوٹے اور گھسے پٹے الزامات لگا کر اپنی منافقانہ سیاست چمکانے کا عمل اب بند کردیں ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ہر واقعہ اور جرم کا الزام ایم کیوایم پر عائد کرنا جماعت اسلامی ہی نہیں بلکہ نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتوں نے اپنا فرض اور شعار بنا رکھا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایم کیوایم پر الزامات اور تنقید کرنے انہیں ثواب ملتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شفاف انتخابات میں ایم کیوایم کی شکست کے خواب دیکھنے والے خود صدی کا سب سے بڑا جھوٹ بول رہے ہیں خود ہی جماعت اسلامی پر کراچی کے عوام کو ہنسنے کا موقع فراہم کررہے ہیں ۔ سیکٹر انچارجز نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے دلوں سے ایم کیوایم کے خلاف ازلی دشمنی کو نکالیں، ایم کیوایم پر قتل و غارتگری اور امن و امان کی خرابی کے جھوٹے الزامات لگانے والے عالمی اور خطرناک دہشت گردوں کا ساتھ چھوڑیں اور پاک فوج کے ساتھ ملکر ملک کی بقاء و سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اورکہ دہشت گردوں کی پشت پر کھڑے ہوکر ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کا ملک دشمن عمل بند کرے ۔