الطاف حسین نے مزید صوبوں کے قیام کا عوامی مطالبہ منتخب ایوانوں تک پہنچا دیا ہے، یوسف شاہوانی
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شاہوانی کا کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے ہمراہ شہر کے مختلف گوٹھوں کا دورہ
کراچی ۔۔۔30ستمبر 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے شعبہ کراچی مضا فا تی آرگنائز نگ کمیٹی کے زیر اہتمام جاری عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں رابطہ کمیٹی کے رکن و حق پرست رکن سندھ اسمبلی یوسف شا ہوانی نے بند مراد ، زوبو گوٹھ ، عبد الرحیم بروہی گوٹھ اور خمیسو گوٹھ نیو کراچی کا دورہ کیا اور علاقہ مکینوں سے انکے مسائل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ یوسف شاہوانی نے علاقہ معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے صرف نعرے اور وعدے نہیں کئے بلکہ عوامی خدمت کے نظریے پر عمل کرکے دکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ جناب الطاف حسین نے اپنی 35سالہ جدو جہد کے دوران ہمیشہ عوامی مطالبات اور انکے دل کی آواز کو ملک کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے کی کوشش کی ہے جس کی تازہ مثال ملک میں 20نئے انتظامی یونٹس اور مزید صوبوں کے قیام کا مطالبہ ہے جس کی ملک بھر کے مظلوم و محروم عوام کھلے دل سے حمایت کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضرور ت اس امر کی ہے کہ گاؤں ، گوٹھو ں میں بسنے والے محروم و مظلوم عوام جناب الطاف حسین کے فکر و فلسفے کو اپنائیں اور اسے محروم عوام کے درمیان مؤثر انداز میں پھیلائیں کیونکہ پاکستان کی فلاح اور ترقی کا راز مظلوم عوام کی شعوری بیداری میں ہی چھپا ہواہے ۔اس موقع پر علاقے کے عوام نے جناب الطاف حسین کی بھر پور حمایت کا اظہار کیا اور یوسف شاہوانی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔ اجلا س میں کراچی مضافاتی آرگنائز نگ کمیٹی کے جوائنٹ انچارجز اسلم بلوچ ،سید احمد رضا سمیت مرکزی کمیٹی کے دیگر ارکان بھی انکے ہمراہ تھے۔