بلوچستان کے بہادراورغیورعوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے بڑے بڑے پیر،فقیر،سرداروں اور جاگیرداروں کی طرف امید کی نگاہ رکھنے کے بجائے خود پر انحصارکریں۔الطاف حسین
خوددار اورغیرتمندبلوچ خصوصاً نوجوان، یوتھ اورطالبعلم رات دن کام کرنے کیلئے میدان عمل میں آجائیں
ایم کیوایم بلوچستان کے سابق آرگنائزراور رکن صوبائی اسمبلی یوسف شاہوانی کے ہمراہ آنے والے بلوچ نوجوانوں کے وفدسے گفتگو
لندن۔۔۔ 28 ستمبر2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطا ف حسین نے خوددار اورغیرتمندبلوچوں خصوصاً نوجوانوں، یوتھ اورطالبعلموں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے بہادراورغیورعوام جوگزشتہ 67برسوں سے اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں وہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے بڑے بڑے پیر،فقیر،سرداروں اور جاگیرداروں کی طرف کوئی امید کی نگاہ رکھنے کے بجائے اپنی مدد آپ کے اصول کے تحت خودپر انحصارکریں اوربلوچ عوام کواپنے حقوق سے آگاہ کرنے کی غرض سے رات دن کام کرنے کیلئے میدان عمل میں آجائیں۔ ان خیالا ت کااظہارانہوں نے ایم کیوایم بلوچستان کے سابق آرگنائزراورحق پرست رکن صوبائی اسمبلی یوسف شاہوانی کے ہمراہ آنے والے بلوچ نوجوانوں کے وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ بلوچ نوجوان جتنی تیزی سے تحریکی کام کوآگے بڑھائیں گے اتنی ہی جلدی میں بلوچستان میں وڈیولنک کے ذریعے بلوچ نوجوانوں سے خطاب کرنے کی شدید خواہش رکھتاہوں تاکہ انہیں تازہ ترین اوربالکل صحیح حقائق پر مبنی باتوں سے آگاہ کرسکوں ۔