وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، انکے اہل خانہ اور علاقہ کے عوام کا دہشت گردوں کے حملے سے بچ جانا ایک معجزہ سے کم نہیں ہے۔ الطاف حسین
رائے ونڈ کے قریب پنڈ آرائیاں میں ہونے والے واقعہ پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا تبصرہ
میڈیا پر جو اطلاعات آئی ہیں ان سے ظاہر ہے کہ یہ کام دو افراد کا ہرگز نہیں ہوسکتا۔ الطاف حسین
حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کو گمراہ کن اطلاعات دے کر انہیں غفلت میں رکھنے کا افسوسناک عمل کیا جارہا ہے
وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ شہبازشریف اس حقیقت کا ادراک کریں کہ پنجاب میں بھی طالبان بڑی تعداد میں موجود ہیں
وزیر اعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اپنی، اپنے اہل خانہ اور پنجاب کے عوام کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ الطاف حسین
لندن۔۔۔17 جولائی 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے رائیونڈلاہورمیں وزیراعظم نوازشریف کی نجی رہائشگاہ سے صرف چند کلومیٹر کے فاصلے پر ایک گھرمیں جدید ترین ہتھیاروں کے ساتھ دہشت گردوں کی موجودگی پر شدیدتشویش کااظہارکیاہے۔ رائے ونڈکے قریب پنڈ آرائیاں میں ہونے والے پولیس مقابلے پر تبصرہ کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایسامحسوس ہوتاہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کوگمراہ کن اطلاعات دے کرانہیں غفلت میں رکھنے کا افسوسناک عمل کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیارپورٹس میں جس بھاری تعدادمیں اسلحہ کی موجودگی کاتذکرہ کیاگیا ہے اس کے پیش نظر وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب، انکے اہل خانہ اورعلاقہ کے عوام کادہشت گردوں کے حملے سے بچ جانا ایک معجزہ سے کم نہیں ہے۔ جناب الطاف حسین نے وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب سے کہاکہ وہ خوداس بات پرغورکریں کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ محض دو دہشت گرد مسلسل دس گھنٹے تک پولیس اوردہشت گردی سے نمٹنے کیلئے خصوصی طورپرتیارکی جانے والی ایلیٹ فورس پر فائرنگ کریں، راکٹ چلائیں اوردستی بم پھینکیں؟ میڈیا پرجواطلاعات آئی ہیں ان سے ظاہر ہے کہ یہ کام دوافرادکاہرگزنہیں ہوسکتا۔جناب الطا ف حسین نے وزیراعظم نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے کہاکہ وہ اس حقیقت کا ادراک کریں کہ پنجاب میں بھی طالبان بڑی تعدادمیں موجودہیں لہٰذا اس کے پیش نظروہ اپنی، اپنے اہل خانہ اورپنجاب کے عوام کی حفاظت کے لئے ضروری اقدامات کریں۔