عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پربات چیت
شیخ رشید نے حق پرست رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ آصف کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا
اپنی سیاسی تاریخ میں کبھی خواتین کو گولیوں کا نشانہ بنتے نہیں دیکھا ہے ، شیخ رشید
آپ کا تعزیتی پیغام ایم کیوایم کے کارکنان اور شہید کے سوگوارلواحقین کیلئے حوصلے کا باعث ہے، الطاف حسین
لندن۔۔۔20، جون2014ء
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی شیخ رشیداحمد نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن فون کرکے ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین سے بات چیت کی اور حق پرست رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ آصف کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا۔ جناب الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہاکہ میں نے اپنی سیاسی تاریخ میں کبھی خواتین کو گولیوں کا نشانہ بنتے نہیں دیکھا ہے ، موجودہ دورحکومت میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف اور تحریک منہاج القرآن کی خواتین کا بہیمانہ قتل سراسر ظلم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں عوامی مسلم لیگ ، آپ اور تمام سوگواران کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے طاہرہ آصف شہید کے بلنددرجات اور سوگوارلواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے اظہاریکجہتی اور تعزیت پر شیخ رشید احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آپ کا تعزیتی پیغام اور اظہار ہمدردی ایم کیوایم کے کارکنان اور شہید کے سوگوارلواحقین کیلئے حوصلے کا باعث ہے ۔