ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا سے فون پر رابطہ
کل ایم کیوایم کے زیر اہتمام ہونے والی صوفیاء کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی
اسلام صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی تعلیمات، کردار و عمل اور لبرل سوچ و فکر کی بدولت پھیلا، الطاف حسین
ہماری آواز کمزور ہے لیکن اس میں دیگر آوازیں ملکر اسے بھاری بھرکم بنا رہی ہیں جس کی وجہ سے ہر طرف ہلچل ہے، الطاف حسین
پاکستان کی اکثریت یہی چاہتی ہے کہ پاکستان کو طالبان سے نجات حاصل ہو، صاحبزادہ حامد رضا
آپ صوفیاء کی حقیقی آواز بلند کررہے ہیں آپ کی آواز توانا ہوچکی ہے ہم آپ کے شانہ بشانہ ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
صوفیاء کانفرنس میں بھر پور انداز سے شرکت کر یں گے، صاحبزادہ حامد رضا
لندن۔۔۔ 8 مارچ 2014ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے سنی اتحادکونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامدرضاسے فون پر رابطہ کرکے انہیں کل ایم کیوایم کے زیر اہتمام ہونے والی صوفیاء کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے کہا کہ اسلام صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی تعلیمات ، کر دار و عمل اور لبرل سوچ وفکر کی بدولت پھیلا اور ان کے کردار وعمل سے متاثر ہوکر ہی غیر مسلم افراد دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔ ہماری کوشش ہے کہ صوفیائے کرام کی تعلیمات کو عام کیا جائے اور ملک کو ان شدت پسند عناصر سے نجات ملے جو اسلام کے نام پر معصوم لوگوں، نوجوانوں ،بزرگوں ،خواتین اور بچوں کا خون بہا رہے ہیں ۔ہم صوفیاء کے پیغام کو عام کرنے کی غرض سے ہی لاہور میں صوفیائے کرام کا نفرنس کا انعقاد کر رہے ہیں، ہماری آواز کمزور ہے لیکن اس میں دیگر آوازیں ملکر اسے بھاری بھر کمبنا رہی ہیں جس کی وجہ سے ہر طرف ہلچل ہے ۔ صاحبزادہ حامد رضا ء نے ایم کیوایم کے زیر اہتمام صوفیا کرام کانفرنس کا زبر دست خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ صوفیاء کی حقیقی آواز بلند کر رہے ہیں آپ کی آواز توانا ہوچکی ہے ہم آپ کے شانہ بشانہ ہیں اور کانفرنس میں بھر پور انداز سے شرکت کر یں گے ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاکستان کی اکثریت یہی چاہتی ہے کہ پاکستان کو طالبان سے نجات حاصل ہو اور پاکستان میں امن وآشتی کا بول بالا ہو ۔