ایم کیوایم نارتھ کراچی سیکٹر کے کارکن محمد عادل شہید کو ہزاروں سوگواران کی آہوں اور سسکیوں میں شہداء قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا
نماز جنازہ اور تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی، حق پرست عوامی نمائندوں اور ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان اور ہمدرد عوام کی شرکت
کراچی ۔۔۔11، فروری 2014ء
گذشتہ روز قانون نافذکرنیوالے ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے گرفتاری کے بعد انسانیت سوزبہیمانہ تشددسے شہیدہونیوالے متحدہ قومی موومنٹ نارتھ کراچی سیکٹر کے کارکن محمد عادل شہید کو ہزاروں سوگواروں کی آہوں اورسسکیوں کے درمیان شہداء قبرستان عزیزآبادمیں سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ اور تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر محمد فاروق ستار،محمدواسع جلیل ، خالد سلطان، حیدرعباس رضوی، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی عبدالوسیم ،انورعالم، وسیم قریشی،جمال احمد،عبدالرؤف صدیقی، سابق اراکین اسمبلی، کراچی تنظیمی کمیٹی کے ذمہ داران، لیبر ڈویژن، ایلڈرز ونگ، اے پی ایم ایس او، نارتھ کراچی سیکٹر کمیٹی ارکان، یونٹ کمیٹیوں کے عہدیداران، کارکنان، عوام ہمدرد عوام اورشہید کے عزیزواقارب نے کثیر تعدادمیں شرکت کی اورمحمدعادل شہیدکی مغفرت ،ان کے درجات کی بلندی اور سوگواران لواحقین کے صبر جمیل کیلئے اجتماعی دعائیں کیں اور شہیدکوزبردست خراج عقیدت و سلام عقیدت پیش کیا۔اس سے قبل جیسے ہی عادل شہید کا جسد خاکی خدمت خلق فاؤنڈیشن ایمبولینس کے ذریعے ان کی رہائشگاہ لایا گیا اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ آشکبار تھی جبکہ شہیدکی بہنیں اوربھائیوں سمیت دیگر سوگوار لواحقین شدیدغم سے نڈھال تھے جنہیں موقع پر موجودایم کیوایم کے ذمہ داران نے دلاسہ دیا۔بعدازاں محمدعادل شہیدکی نمازجنازہ بعدنمازعصرنارتھ کراچی سیکٹر 5C-4 کے روڈپراداکی گئی اور شہید کا جنازہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی میت بسوں میں جلوس کی شکل میں نارتھ کراچی سے شہداء قبرستان لیجایاگیاجہاں محمدعادل شہیدکی تدفین عمل میں آئی اس موقع پرشہیدکی مغفرت، ان کے درجات کی بلندی اورسوگواران کے صبرجمیل کیلئے دعا کی ۔