ایم کیوایم کورنگی سیکٹرکے کارکن اوصاف علی کی جبری گمشدگی تشویشناک ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ
اوصاف علی فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں، جمعرات فیکٹری سے نکلے تھے اسکے بعد سے غائب ہیں
خدشہ ہے کہ اوصاف علی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اغوا کیا ہے۔ رابطہ کمیٹی
اوصاف علی کی جان کوشدید خطرہ لاحق ہے، انہیں فوری بازیاب کیا جائے۔ رابطہ کمیٹی کامطالبہ
لندن……8 مئی 2026ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کورنگی سیکٹرکے کارکن اوصاف علی کی جبری گمشدگی پر سخت تشویش کااظہارکرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اوصاف علی کراچی میں ایک فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں،وہ کل بروز جمعرات اپنی فیکٹری سے نکلے تھے، اس کے بعد سے ان کااپنے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں، ان کا فون بھی بند مل رہاہے، اس سے قبل بھی اوصاف علی کی گرفتاری کے لئے کورنگی میں ان کے گھرپر کئی باررینجرز کی جانب سے چھاپے مارے جاچکے تھے۔خدشہ ہے کہ اوصاف علی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اغوا کرکے لاپتہ کردیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اوصاف علی کی جبری گمشدگی کو24 گھنٹوں سے زائد ہوچکے ہیں لیکن ان کی گرفتاری کوظاہرنہیں کیا گیا ہے جس سے ان کی جان کوشدید خطرہ لاحق ہے۔ اوصاف علی پر کوئی مقدمہ نہیں ہے اوروہ کسی خلاف قانون سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں، ان کاجرم صرف یہ ہے کہ وہ ایم کیوایم کے ایک وفاپرست کارکن ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ قانون توڑنے والے، ملک کولوٹنے والے اوردہشت گردی اورانتہاپسندی کا بازارگرم کرنے والے آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ ایم کیوایم کے بے گناہ سیاسی کارکنوں کوگرفتارکرکے لاپتہ کیاجارہا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے فیلڈمارشل عاصم منیر،وزیراعظم شہبازشریف اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ اوصاف علی کی جبری گمشدگی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں بازیاب کرایا جائے اوراگران کے خلاف کوئی مقدمہ ہے توانہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ اوصاف علی کی جبری گمشدگی کے خلاف آوازاٹھائیں۔
٭٭٭٭٭