چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرکے نام بانی وقائدجناب الطاف حسین کا اہم پیغام
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل حافظ عاصم منیرصاحب!
میں یہ بات کئی بارکہہ چکاہوں اور رمضان المبار ک کے اس مقدس مہینے میں آج ایک بارپھردہرارہا ہوں کہ پاکستان کی تمام ہرسیاسی جماعت میں کوئی نہ کوئی خامی یاکمزوری ضرورہوتی ہے لیکن کوئی بھی جماعت پاکستان اوراس کی بقا ء وسلامتی کی مخالف نہیں ہوسکتی۔
پاکستان میں جب بھی کسی جماعت پر کوئی جبروستم ڈھایاگیا توظلم کانشانہ بننے والے غصہ میں بہت کچھ کہہ ڈالتے ہیں لیکن حالات صحیح ہوجانے پر وہ پھرایسی باتیں نہیں کرتے اوراپناسفرجاری رکھتے ہیں۔
بعض لوگوں کا خیال ہے کہ میری تقریرپر 22 اگست 2016ء کوپابندی لگائی گئی، میں واضح کرتاہوں کہ لاہور ہائیکورٹ نے میری تقریر ،تحریر، تصویر حتیٰ کہ میرانام تک لینے پر پابندی 7ستمبر 2015ء کو لگائی تھی جوآج بھی عائد ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرصاحب!
میں کسی کے خلاف نہیں لیکن ملک میں آئین اورقانون کے خلاف جوبھی اقدام ہوتاہے میں اصولوں کی بنیادپر اس کی مخالفت کرتاہوں۔ ملک میں خطرات توپہلے ہی تھے لیکن امریکہ کے صدرڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے بعدکہ امریکہ افغانستان میں بگرام ایئربیس پر اپنااڈہ بنائے گااوروہ افغانستان سے انخلا کے وقت وہاں رہ جانے والااپنا اسلحہ واپس لے گا،میں سمجھتاہوں کہ اس کے بعد پاکستان کی سرحدوں پر حالات بہت زیادہ خراب ہونے والے ہیں، مستقبل میں پاکستان سے بہت کچھ مانگاجائے گاجس سے مزید بدامنی اورخون خرابہ ہوسکتاہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرصاحب!
میں آپ سے درخواست کرتاہوں کہ پاکستان کو جوچیلنجزدرپیش ہیں ان کے پیش نظر جن جن سیاسی جماعتوں کو عوام کی سچی اورحقیقی حمایت حاصل ہے ،خواہ وہ عمران خان کی پی ٹی آئی ہو یامیری ایم کیوایم ، جس کامرکز گزشتہ 9سال سے سیل (Seal) ہے، جس کے تمام دفاتر سیل ہیں، ان کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں ہٹادیں، عمران خان اورایم کیوایم کے تمام لوگوں کورہاکردیں ۔
آپ اس ماہ ِ رمضان المبار ک میں کوئی ایسا فیصلہ کریں کہ پاکستان کی حقیقی سیاسی جماعتوں کے نمائندے آزادی کے ساتھ اپنے لوگوں سے مل سکیں اوراپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ آپ اپنی نگرانی میں الیکشن کرالیں۔ یقین کریں کہ ہم پاکستان کے مخالف نہیں،پاکستان کے دشمن نہیں، ہم پاکستان کے لئے آج بھی قربانیاں دینے کے لئے تیارہیں۔ اگرپاکستان پر کوئی براوقت پڑا تومیں پاکستان کی حفاظت کے لئے ایک لاکھ کارکنان پیش کروں گااوراگرضرورت پڑی تومیں خود بھی جانے کے لئے تیارہوں۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرصاحب!
ہمیں پاکستان کوبچانے کے لئے پرانی باتوں کوبھولناہوگا اورایک نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھناہوگا، اگر ہم آپ کے خلاف باتیں کرتے رہیں گے اور آپ ہمیں خوارج میں شامل کرتے رہیں گے تواس سے پاکستان کابھلا نہیں ہوگا۔ بدامنی سے ملک خوشحال نہیں بلکہ کمزورہوتاچلاجائے گا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرصاحب!
میں نے بہت خلوص دل اورنیک نیتی کے ساتھ آپ کو حق اورسچ کاپیغام دیاہے،اللہ تعالیٰ نے آپ کو اختیار دیاہے، اگر اس کااستعمال ملک کی بہتری کے لئے ہوجائے تواس کاپاکستان کوکتنا فائدہ ہوگا کہ اس کااندازہ شائد کوئی نہ لگاسکے۔
بہت بہت شکریہ
الطاف حسین
218ویں فکری نشست سے خطاب
7مارچ 2025ئ