شہید وفاپروفیسر حسن ظفرعارف کی ساتویں برسی پاکستان سمیت
مختلف ممالک میں عقیدت واحترام سے منائی گئی
شہید وفاکی یاد میں تعزیتی اجلاس ، شمعیں روشن کی گئیں، قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات،شہیدوفاکی قبرپر حاضری ، پھول چڑھائے گئے اور خراج عقیدت پیش کیاگیا
لندن۔۔۔14، جنوری2025ئ
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر شہید وفاپروفیسر ڈاکٹرحسن ظفرعارف کی ساتویں برسی پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عقیدت ومحبت سے منائی گئی اور شہیدکو زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق شہید وفاپروفیسر ڈاکٹر حسن ظفرعارف کی برسی کے سلسلے میں ایم کیوایم کے سینئر اراکین اور کراچی کے مختلف سیکٹروں کے کارکنان کی جانب سے شہید کی قبرپر حاضری دی گئی، پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے کارکنان اور شعبہ خواتین کے تحت شہیدکے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے اور شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے شہیدوفاکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر طویل دورانیے کی خصوصی تعزیتی بیٹھک کااہتمام کیاگیا جس میں بانی وقائد جناب الطاف حسین ، اراکین رابطہ کمیٹی اور ایم کیوایم اوورسیز یونٹوں کے آرگنائزرز نے اظہارخیال کیا، پروفیسر حسن ظفرعارف شہید کے حالات زندگی ، علمی خدمات ، جناب الطاف حسین سے شہید کی قلبی وابستگی اور تحریکی خدمات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
شہید وفاکی برسی کے سلسلے میں حیدرآباد زون کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر حسن ظفرعارف کی ساتویں برسی کے موقع پرتعزیتی اجلاس ہوا جس میں شہید وفا کی یاد میں شمع روشن کی گئیں اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیاجبکہ حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، نواب شاہ ، سانگھڑ ، ٹنڈوالہیار ، ٹنڈوجام اور سندھ کے دیگر شہروںمیں بھی شہیدوفاکے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے ۔ ایم کیوایم اوورسیز امریکہ ،کینیڈا، برطانیہ، ساؤتھ افریقہ ، آسٹریلیا، جرمنی اور دیگرممالک میں بھی شہیدوفاپروفیسر حسن ظفرعارف کی یاد میں تعزیتی اجلاس منعقد ہوئے جن میں شہید کی علمی ، فکری اور تحریکی خدمات پر روشنی ڈالی گئی ، شہید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر حسن ظفرعارف کو 13، جنوری 2018ء کو اغواء کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر ماورائے عدالت قتل کردیاگیا تھا ۔
٭٭٭٭٭