گلگت بلتستان کے عوام کو آزادی کے دن کی الطاف حسین کی جانب سے دلی مبارکباد
گلگت بلتستان کی جانثار اور انقلابی شخصیات ہمت، جرات سے اپنے نظریہ پر قائم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے پر زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں، الطاف حسین
گلگت بلتستان کے عوام کو مکمل صوبائی خود مختاری دی جائے اور اسے ترقی یافتہ سیاحتی مقام و مواصلات کے بہترین نظم و نسق سے آراستہ کیا جائے، الطاف حسین
لندن۔۔۔31، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے گلگت بلتستان کے عوام کو آزادی کے دن کی دلی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے 1947ء میں ڈوگرا راج کے خلاف آواز حق بلند کی ، اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اپنی ریاست کو غیر وں کے تسلط سے آزاد کروا کر بہادری کا ثبوت دیا ۔ گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی جانثار اور انقلابی شخصیات ہمت ، جرات سے اپنے نظریہ پر قائم رہیں اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا جس پر وہ زبردست خراج عقیدت کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گلگت اور بلتستان اور اس کے عوام کا ایم کیوایم سے محبت کا رشتہ قائم ہے ، گلگت بلتستان کے عوام اپنی حق پرستانہ روش پر قائم ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ایم کیوایم کا ساتھ دیا ہے اور ایم کیوایم بھی گلگت بلتستان کے عوام کے تمام دکھ اور سکھ میں ساتھ ہے ۔ جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کو مکمل صوبائی خود مختاری دے کر وہاں کے عوام کی قربانیوں اور خواہشات کا احترام کیاجائے اور اسے ترقی یافتہ سیاحتی مقام و مواصلات کے بہترین نظم و نسق سے آراستہ کیاجائے ۔