سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ایم کیوایم کے کارکن دلشاد احمد کی شہادت کے واقعہ پر از خود نوٹس لیں۔ الطاف حسین
صدر، وزیر اعظم، وفاقی وزیر داخلہ ،مسلح افواج اور حساس اداروں کے سربراہان دلشاد احمد کی شہادت کی تحقیقات کرائیں
کارکنان و عوام دلشاد احمد کی شہادت پر شہرکے امن کی خاطر صبر و تحمل سے کام لیں اور اللہ تعالیٰ کے انصاف پر یقی رکھیں، اللہ تعالیٰ صبرکرنے والوں کے ساتھ ہے
ایم کیوایم کے کارکن دلشاد احمد کی شہادت کے واقعہ پر الطاف حسین کا اظہار مذمت۔ لواحقین سے تعزیت
لندن۔۔27 اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے ایم کیوایم برنس روسیکٹریونٹ 23 کے سابق جوائنٹ یونٹ انچارج دلشاداحمد خان کی سرکاری حراست کے دوران تشددکے نتیجے میں شہادت کے واقعہ کی شدیدمذمت کی ہے اوراس سانحہ پر دلی صدمہ اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں جناب الطا ف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم نے کراچی میں قیام امن کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی غیرمشروط حمایت کی تھی اوریہ کہاتھاکہ اس بات کاخیال رکھاجائے کہ اس کے دوران کسی ایک جماعت کونشانہ نہ بنایا جائے، بے گناہوں کوگرفتارنہ کیاجائے،گرفتارہونے والوں میں جوبے قصورہوں انہیں رہاکیاجائے اوراگرکسی کے خلاف کوئی مقدمہ ہوتو اسے عدالت میں پیش کیاجائے لیکن یہ امرافسوسناک ہے کہ بے گناہ افراد کو گرفتار کرکے ان پر حراست کے دوران تشددکیاجارہاہے۔ ایم کیو ایم کے کارکن دلشادکو جس حالت میں انکے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا اس سے صاف ظاہر ہے کہ ان پر حراست میں تشدد کیا گیا جسکے نتیجے میں دلشاداحمد شہید ہوگئے۔ جناب الطا ف حسین نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے اپیل کی کہ دلشاد احمد کی شہادت کے واقعہ پر از خود نوٹس لیا جائے اورواقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے۔ اس کے علاوہ ایم کیوایم کے آٹھ کارکنان گزشتہ کئی دنوں سے گرفتاری کے بعدسے لاپتہ ہیں ان کی گرفتاری کی بھی تحقیقات کرائی جائے اور انہیں بازیاب کرایاجائے۔ صدرمملکت ، وزیراعظم ،وفاقی وزیرداخلہ ،مسلح افواج اورحساس اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیاکہ دلشاد احمدکی گرفتاری، ان پر دوران حراست بہیمانہ تشدد اورشہادت کے واقعہ کاسختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کی مکمل تحقیقات کرائی جائے اور جو سرکاری اہلکاراس کے ذمہ دارہوں انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ جناب الطاف حسین نے دلشاد احمد شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ دلشاداحمدکی شہادت پر مجھ سمیت ایم کیوایم کاایک ایک کارکن دکھی اور سوگوارہے۔ اللہ تعالیٰ دلشاد احمدشہید کی مغفرت فرمائے،انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اورتمام سوگواروں کوصبرجمیل عطا کرے ۔ جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اورکارکنان اورحق پرست عوام سے بھی دلشاد احمدکی شہادت پرتعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ اس سانحہ پر مجھے آپ کے رنج وغم اور صدمہ کابخوبی احساس ہے ۔آپ شہرکے امن کی خاطر صبروتحمل سے کام لیں، اللہ تعالیٰ کے انصاف پر یقین رکھیں اوراس بات پر یقین رکھیں کہ اللہ تعالیٰ صبرکرنے والوں کے ساتھ ہے۔
News: Altaf Hussain Appeals To Chief Justice To... by MQMOfficial

