ایم کیو ایم کے وفد کی دبئی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر جناب آصف علی زرداری سے ملاقات
ملاقات میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشر ت العباد اور پیپلز پارٹی کے نائب صدر سینیٹر رحمان ملک بھی موجود تھے
وفد میں ڈپٹی کنوینر ز ندیم نصرت ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، سینیٹر بابر غوری اور رکن سندھ اسمبلی عادل صدیقی شامل تھے
ملک کی سیاسی جماعتوں میں مختلف سیاسی امور پر روابط اور مشاورت جمہوری عمل کا حصہ ہیں ، ملاقات میں اتفاق
ان قیاس آرائیوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے کہ ایم کیو ایم نے سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے
آصف علی زرداری سے ملاقات میں بھی اس حوالہ سے کوئی گفتگو نہیں کی گئی ، اعلامیہ
دبئی :۔۔25؍ اکتوبر 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے ایک وفد نے جمعہ کی شام دبئی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر جناب آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور پیپلز پارٹی کے نائب صدر سینیٹر رحمان ملک بھی موجود تھے ۔ ایم کیو ایم کے وفد میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ندیم نصرت، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، سینیٹر بابر غوری اور رکن سندھ اسمبلی عادل صدیقی شامل تھے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ ملک کی سیاسی جماعتوں میں مختلف سیاسی امور پر روابط اور مشاورت جمہوری عمل کا حصہ ہیں۔ ملاقات میں جناب آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کیلئے بھی نیک جذبات کا اظہار کیا۔
ایم کیو ایم شعبہ اطلاعات کے مطابق بعض ذرائع ابلاغ میں ہونے والی ان قیاس آرائیوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے کہ ایم کیو ایم نے سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق جناب آصف علی زرداری سے ہونے والی ملاقات میں بھی اس حوالہ سے کوئی گفتگو نہیں کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق سیاسی جماعتوں میں روابط جمہوری عمل کا حصہ ہیں اور ملاقاتوں کو مذاکرات قرار دینا غیر مناسب ہے۔