پاکستان سے پولیووائرس کے مکمل خاتمہ کیلئے ہرپاکستانی کوبھرپورکردار ادا کرناہوگا، الطاف حسین
بدقسمتی سے پاکستان کے بیشتر علاقوں میں معصوم بچے پولیو وائرس کا شکار ہوکر زندگی بھر کیلئے معذور بن رہے ہیں ایم کیوایم ، پاکستان کے ہرعلاقے کو پولیو وائرس سے پاک دیکھنا چاہتی ہے
عوام ، اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے محفوظ بنانے کیلئے انہیں پولیو سے بچاؤ کی ویکسین بھی لازمی پلوائیں
پولیو کے عالمی دن کے موقع پر قائد ایم کیوایم الطاف حسین کا بیان
لندن۔۔۔24، اکتوبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان سے پولیووائرس کے مکمل خاتمہ کیلئے ہرپاکستانی کوبھرپورکردار ادا کرناہوگا۔پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے جو آنے والی نسلوں کو معذور بنارہا ہے ، دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے ٹھوس اور عملی اقدامات کرکے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ کردیا ہے جبکہ بیشترترقی پذیرممالک اس موذی اور خطرناک وائرس کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان سے پولیووائرس کا مکمل خاتمہ نہیں کیاجاسکا اور آج بھی پاکستان کے بیشتر علاقوں میں معصوم بچے پولیو وائرس کا شکار ہوکر زندگی بھر کیلئے معذور بن رہے ہیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان سے پولیووائرس کے مکمل خاتمے کیلئے ایک ایک پاکستانی کو بھرپورکردار ادا کرناہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو صحت منداور عمربھرکی معذوری سے محفوظ بنایاجاسکے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ، پاکستان کے ہرعلاقے کو پولیو وائرس سے پاک دیکھنا چاہتی ہے اور اس کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی انتظام کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے ملک بھر کے عوام سے پرزوراپیل کی کہ وہ پولیووائرس سے نہ صرف آگاہی حاصل کریں بلکہ اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے محفوظ بنانے کیلئے انہیں پولیو سے بچاؤ کی ویکسین بھی لازمی پلوائیں ۔