ڈیفنس میں معصوم لڑکی سے زیادتی کے واقعہ پر ایم کیوایم شعبہ خواتین کا اظہار مذمت
معصوم لڑکی سے زیادتی کرنے اور قتل کرنے کی کوشش کے واقعہ کا نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث اصل درندہ صفت عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے، حکومت سے مطالبہ
کراچی :۔۔21؍ اکتوبر 2013ء
ایم کیو ایم شعبہ خواتین نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں معصوم لڑکی سے زیادتی کرنے اور عمارت کی دوسری منزل سے دھکا دیکر قتل کرنے کی کوشش کرنے پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واقعہ میں لڑکی کے شدید زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ایم کیوایم شعبہ خواتین نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے اس کے باوجود تسلسل کے ساتھ خواتین اور معصوم بچیوں سے زیادتی کے واقعات کا رونماء ہونا نہ صرف تشویش بلکہ حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ڈیفنس کے علاقے میں ایک معصوم طلبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیالیکن اس واقعہ میں ملوث افراد تاحال گرفتار نہیں کیے گئے جبکہ اس کے باوجود آج پھر ایک بار ’’ حوا کی بیٹی‘‘ کوحوس کا نشانہ بنا کر جان سے مارنے کی کوشش کی گئی جس پر جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ایم کیو ایم شعبہ خواتین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے معصوم لڑکی سے زیادتی کرنے اور قتل کرنے کوشش کے واقعہ کا نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث اصل درندہ صفت عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔